• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مناظرے کیلئے تیار ہوں، بتائیں کب کرنا ہے؟ بلاول کا شہباز کو جواب

بلاول بھٹو زرداری: فوٹو فائل
بلاول بھٹو زرداری: فوٹو فائل

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہباز شریف کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں مناظرے کیلئے تیار ہوں بتائیں سندھ کے کس شہر میں اور کس تاریخ کو کرنا ہے؟

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں بلاول بھٹو نے کہا کہ میں مناظرے اور معائنے کیلئے تیار ہوں، میاں نواز شریف مجھ سے خیرپور گمبٹ میں مناظرہ کرلیں جہاں کا اسپتال پنجاب کے کسی بھی اسپتال سے بہتر ہے اور یہاں علاج بالکل مفت ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نواز شریف نے تین بار وزیراعظم بننے کے باوجود بھی گمبٹ کا دورہ نہیں کیا یا وہ تھرپارکر آجائیں، وہاں کے انفرااسٹراکچر کا معائنہ بھی ہوجائے گا اور چولستان سے تھر کا موازنہ بھی ہوجائے گا۔

پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ تھر میں کوئلے کا منصوبہ جس کے آپ اور آپ کے بھائی مخالفت کرتے تھے، کراچی نہیں بلکہ فیصل آباد کو سستی بجلی فراہم کر رہا ہے۔

بلاول بھٹو نے یہ بھی کہا کہ میاں صاحب کراچی کے این آئی سی وی ڈی کے باہر مباحثہ کر لیں جہاں گزشتہ برس پنجاب کے 84 ہزار سے زائد افراد کا علاج ہوا جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پنجاب کے اسپتالوں میں ایسی سہولتیں موجود نہیں ہیں۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ راہ فرار اختیار نہ کریں، براہ کرم بتائیں کہ کس شہر میں اور کس تاریخ کو آپ کے بھائی نے مباحثہ کرنا ہے۔

قومی خبریں سے مزید