• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مدیر: اقبال نظر

ضخامت: 720، قیمت: 1200روپے

ناشر: کولاژ پبلی کیشنز، کراچی۔

فون نمبر: 2971292 - 0300

زیرِ نظر ادبی جریدے کے مدیر اقبال نظر نہایت ہی مضبوط اعصاب کے مالک ہیں کہ گرانی کے اس دَور میں بھی اپنے جریدے کا تسلسل اور معیار برقرار رکھا ہوا ہے۔ یہ شمارہ اِتنا ضخیم ہے کہ اسے خصوصی شمارہ قرار دیا جاسکتا ہے۔ یہ انیسواں شمارہ ہے، جو ایک ادبی دستاویز کی صُورت منظرِ عام پر آیا ہے۔ یہ معنوی اعتبار سے مختلف النّوع موضوعات کا ایک ایسا اظہاریہ ہے، جسے ادبی دنیا میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔مدیر موصوف نے اپنے اداریے میں لکھا ہے کہ’’ دل کی طاقت اور حماقت کا اندازہ ادبی جریدہ نکالنے کے بعد ہی لگایا جاسکتا ہے۔

نیا کولاژ، کبھی پرانا نہیں ہوگا۔‘‘ حسبِ روایت اِس شمارے کا سرورق بھی نام وَر شاعر اور کہانی کار، گلزار کی فن کارانہ بصیرت کا مظہر ہے۔ حمد اور نعت کے بعد غزلیں، نظمیں، تنقیدی اور تحقیقی مضامین، رپورتاژ، افسانے، طویل افسانے، کرّۂ غنائی، سفرنامہ، تمثیل، خود نوشت، درویش نامہ، تراجم، تبصرے، تاثرات اور خطوط۔، یہ وہ عنوانات ہیں، جن پر’’ کولاژ‘‘ کی عمارت کھڑی ہے۔

زیرِ نظر شمارے میں جن اہم تخلیق کاروں کی نگارشات شامل ہیں، ان میں جمیل نقوی، نظر امروہوی، مستنصر حسین تارڑ، پروفیسر سحر انصاری، شیخ ایاز، جاوید صدیقی، انور شعور، ایّوب خاور، سلیم کوثر، اخلاق احمد، شاہین مفتی، ڈاکٹر نجیبہ عارف، محمّد حفیظ خان، طاہرہ اقبال، خالد فتح محمّد، علی محمّد فرشی، وحید احمد، سلمان ارشد اور سعود عثمانی شامل ہیں۔ یہ شمارہ ہر اعتبار سے منفرد اور جامع ہے، اس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔نیز، شمارے کی تزئین وآرائش بھی نگارشات کے عین مطابق ہے۔