پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کا کہنا ہے کہ پرانا وقت واپس لانا ہے، یہی نوازشریف کا ایجنڈا ہے، ہماری حکومت تھی تو مہنگائی کا نام و نشان تک نہ تھا، 20 روپے میں 5 روٹیاں ملتی تھیں۔
لاہور کے حلقہ این اے 130 میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ن لیگ کے قائد نے کہا کہ نواز شریف کی چھٹی نہیں کروائی جاتی تو آج لوگ بے روزگار نہیں ہوتے، آج میں سرخرو ہوں، آپ جانتے ہیں نواز شریف بے قصور تھا۔
نواز شریف نے کہا کہ اس محبت کا کیسے جواب دوں، آج بہت سوچ رہا ہوں آپ مجھ سے اتنی محبت کیوں کرتے ہیں، یہ ایسا رشتہ ہے جس پر مجھے ناز اور فخر ہے، بہت خوشی ہے بھائی بہنوں کی خدمت کی ہے، اس خدمت کے صلے میں آنکھوں میں محبت دیکھ رہا ہوں، خدمت نہ کی ہوتی تو آپ ایسی خوشی کا اظہار نہ کرتے، دل چاہتا ہےآپ پر قربان ہوجاؤں، دل چاہتا ہے آپ کیلئے وہ کچھ کروں جس کی توقع آپ مجھ سے کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس زمانے میں 20 روپے میں 5 روٹیاں ملتی تھیں آج 20 میں ایک روٹی ملتی تھی، اس زمانے کو واپس لانا ہے آپ کے گھروں کو دوبارہ بسانا ہے، ان نوجوانوں کو روزگار دینا ہے ان کے مستقبل کو سنوارنا ہے، سبز پرچم اور پاسپورٹ کو عزت دلوانا ہے، نواز شریف کا ایجنڈ پورا ہوئے بغیر نہیں رہ سکتا۔
ن لیگ کے قائد نے کہا کہ نواز شریف کی چھٹی نہیں کروائی جاتی تو آپ بے روزگار نہیں ہوتے، آپ میں سے کوئی بھی بے روزگار نہیں ہوتا، ہر گھرانہ خوشحال ہوتا، ہم بہت پیچھے رہ گئے ہیں، ہم نے بہت زخم کھائے ہیں، ان ساتھیوں کی وساطت سے ملک اور قوم کو پاؤں پر کھڑا کریں گے، ہم نے بہت ٹھوکریں کھائی ہیں مزید کھانے کی طاقت ہے نہ ہمت۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ سزا دینے والے جج ایک ایک کرکے رخصت ہوگئے، وہ جج بھی رخصت ہوگیا جو چیف جسٹس پاکستان بننے والا تھا۔ جج استعفیٰ دے کر چلا گیا کیوں کہ پتہ تھا چور کی داڑھی میں تنکا ہے، وہ جج میرے کیسوں پر مانیٹر جج بن کر بیٹھا ہوا تھا، میں بے قصور ثابت ہوا اور سزا دینے والے جج چلے گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں آئندہ بھی کوئی کسر نہیں چھوڑوں گا، نواز شریف تھا تو سکون تھا، گھروں میں سکون تھا، مہنگائی کا نام و نشان نہیں تھا، پیٹرول سستا تھا۔