• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

9 مئی والوں کو 8 فروری کو اٹھا کر پاکستان سے بھی باہر پھینک دینا ہے، مریم نواز

فوٹو: اسکرین گریب
فوٹو: اسکرین گریب

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ 9 مئی والوں کو 8 فروری کو اٹھا کر پاکستان سے بھی باہر پھینک دینا ہے۔

لاہور کے حلقہ این اے 130 میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ 2013 میں نواز شریف الیکشن میں کھڑے ہوئے تو مہم کی ذمہ داری میرے ذمے آئی۔

انکا کہنا تھا کہ نواز شریف نے کہا یہ سب گلیاں اور بازو میرے آزمائے ہوئے ہیں۔ نواز شریف نے کہا اس حلقے سے میں ہوں گا یا اہلیہ کھڑی ہوں گی۔ ہاتھ جوڑ کر شکریہ ادا کرتی ہوں آپ نے اس وقت الیکشن میں میری لاج رکھی، اس وقت ملک کا الیکشن ایک طرف اور اس حلقے کا جعلی الیکشن ایک طرف تھا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ آپ نے اس وقت بھی نواز شریف کی لاج رکھی تھی، نواز شریف کو اس وقت نااہل کیا گیا تو آپ نے ن لیگ امیدوار کو ریکارڈ ووٹوں سے جتوایا۔ نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اس حلقے کا ہر کارکن نواز شریف ہے، نواز شریف اور ن لیگ کا مقابلہ سیاسی جماعت سے نہیں ہے۔ وہ 9 مئی والے اور ہم 28 مئی والے لوگ ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ نواز شریف نے دکھ آپ کےلیے اٹھائے، نواز شریف کو تکلیف ہے روٹی اور آٹا مہنگا ہے، تکلیف ہے بجلی کے بل بہت زیادہ ہیں، تکلیف ہے 5 سال کےلیے گھس بیٹھیے آگئے تھے۔

مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) پر تنقید کروگے تو کیا کروگے؟ دائیں بائیں اور سر پر بھی اورنج لائن کی صورت ن لیگ کا منصوبہ ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایک ایک ووٹ ملک کی ترقی کےلیے قیمتی ہے، خواتین اور نوجوان وعدہ کریں آج کے بعد کوئی گھر نہیں بیٹھے گا۔

ن لیگی چیف آرگنائزر نے کہا کہ آپ نے 9 مئی والوں کو 8 فروری کو اٹھا کر پاکستان سے بھی باہر پھینک دینا ہے، 8 فروری کو کوئی یہ سمجھ کر گھر نہ بیٹھے کہ نواز شریف کو ووٹ ڈالنے والے بہت ہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ آپ سب نواز شریف سے محبت کرنے والے لوگ ہیں، اللّٰہ کے فضل سے نواز شریف اس حلقے سے ریکارڈ ووٹ لے کر جیتے گا۔ 

ن لیگی چیف آرگنائزر نے کہا کہ 2017 میں نواز شریف کو نااہل کرنے کا شرمناک واقعہ ہوا، بیگم کلثوم نواز کے مقابلے میں 42 جعلی امیدوار کھڑے کروائے گئے۔ اس حلقے نے مشکل ترین حالات میں نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دیا۔

انہوں نے کہا کہ آپ کو بڑی ذمہ داری کے ساتھ اپنا ووٹ کاسٹ کرنا ہے، 9 مئی والے اور 28 مئی والے جملے میں داستان چھپی ہے۔

اتنی آپ کی تنخواہ نہیں جتنے لمبے لمبے بل آ جاتے ہیں، آج مسلم لیگ ن پر کوئی تنقید نہیں کرسکتا۔ خواتین، نوجوان وعدہ کریں 8 فروری کو ووٹ ڈالنے ضرور نکلیں گے۔

قومی خبریں سے مزید