چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ روایتی سیاستدانوں میں اہلیت نہیں کہ مسائل کا سامنا کرسکیں۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ڈی آئی خان کے عوام نے جس جذبے سے خیر مقدم کیا اس پر شکرگزار ہوں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ڈی آئی خان کے ساتھ رشتہ تین نسلوں سے چلا آرہا ہے، قائد عوام نے اسی حلقے سے الیکشن لڑا تھا، شہید محترمہ بھی یہاں آتی تھیں۔
انکا کہنا تھا کہ بہادر اور وفادار بھائیوں بہنوں کے ساتھ کھڑا ہوں۔
بلاول نے جے یو آئی کا نام لیے بغیر اس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آج سورج بھی نکلا ہے موسم بھی اچھا ہے، ان کا کیا بنے گا جو ٹھنڈ کی وجہ سے الیکشن لڑنا نہیں چاہ رہے تھے۔
چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ 8 فروری کو ڈی آئی خان میں تیروں کی بارش ہوگی۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمارا ملک ایک بار پھر خطرے میں ہے، روایتی سیاستدانوں میں اہلیت نہیں کہ ان مسائل کا سامنا کرسکیں۔
سابق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی پاکستان کے عوام کو اکیلا نہیں چھوڑ سکتی۔
انکا یہ بھی کہنا تھا کہ جن دہشتگردوں کو آپ نے چھڑوایا تھا وہی دہشتگرد پھر سر اٹھا رہے ہیں، معاشی بحران اور دہشتگردی کا خطرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب سے ڈی آئی خان سے سندھ، بلوچستان کو نقصان ہوا، آج بھی ڈی آئی خان میں سیلاب متاثرین کو چھت نہیں دی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ ان حالات میں پاکستان کے عوام کو ریلیف چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ صرف ایک جماعت ہے جو تین نسلوں سے عوام کی نمائندگی کر رہی ہے، باقی تمام سیاسی جماعتیں اشرافیہ کی نمائندگی کرتی ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ وعدہ ہے وزیراعظم بنا تو عوام کی آمدنی دگنی کر کے دکھاؤں گا، پاکستان کے حق دار عوام کو 300 یونٹ تک مفت بجلی پہنچاؤں گا، غریب عوام کےلیے 30 لاکھ گھر بنا کر دوں گا، ویساوعدہ نہیں جو دوسری جماعت کرکے گئی تھی۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 20 لاکھ گھر بنا رہا ہوں، خواتین کو مالکانہ حقوق دلواؤں گا، وعدہ ہے ڈی آئی خان میں خواتین کےلیے یونیورسٹی بناؤں گا۔
انکا کہنا تھا کہ ڈی آئی خان میں گھر بنا کر دوں گا بلکہ مالکانہ حقوق بھی دوں گا۔ تمام کچی آبادیوں کو ریگولرائز، مالکانہ حقوق دلواؤں گا۔