بلوچستان کے علاقے سبی میں جناح روڈ پر پی ٹی آئی ریلی کے قریب دھماکے میں 4 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے۔
حکام کے مطابق دھماکا اس وقت ہوا جب پی ٹی آئی کی انتخابی ریلی شہر سے گزر رہی تھی، الیکشن کمیشن نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکریٹری اور آئی جی بلوچستان سے رپورٹ طلب کرلی۔
دھماکے اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی، دھماکے سے جی پی او چوک پر کھڑی گاڑیوں، موٹرسائیکلوں اور قریبی دکانوں کو نقصان پہنچا، دھماکے کے زخمیوں کو ڈسٹرکٹ اسپتال سبی منتقل کردیا گیا ہے۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) ڈسٹرکٹ اسپتال سبی ڈاکٹر شاہد نے بتایا کہ دھماکے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 5 زخمی ہوئے ہیں، تین شدید زخمیوں سی ایم ایچ سبی منتقل کیا جارہا ہے۔
پولیس کے مطابق دھماکے کے مقام کو گھیرے میں لے کر دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جارہا ہے۔