مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ اتنی کرپشن کسی وزیرِ اعظم نے نہیں کی جتنی بانی پی ٹی آئی نے کی۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ ملک میں ریاست مدینہ کے نام پر کرپشن، بدعنوانی کی گئی، آج بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو 14۔14سال کی سزا سنائی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے تحائف بلیک مارکیٹ میں فروخت کیے، جتنے بھی تحائف آتے تھے ان کو اونے پونے سرکاری کاغذوں میں بیچا جاتا تھا، ان تحائف کی اربوں روپے کی اصل قیمت کہیں اور سے وصول کی جاتی تھی۔
عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ سعودی ولی عہد کی دی گھڑی کو بھی بلیک مارکیٹ میں فروخت کیا گیا، خانہ کعبہ کے ماڈل والی گھڑی بازار سے نہیں خریدی جا سکتی، آپ نے تحائف کی قیمت چند کروڑ لگوائی اور خود تین ارب روپے کھا گئے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ آپ جعلساز اور کرپٹ شخص کے طور پر سامنے آئے ہیں، انہوں نے کرپشن کا ایک پورا نظام وضع کیا، آپ نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا، یہ تحائف بیچنے کے لیے نہیں ہوتے، سرکار چاہے تو آپ ان کو کچھ قیمت دے کر خرید سکتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ یہ نایاب گھڑی تھی اس پر ہیرے جواہرات لگے ہیں، اسلام آباد کی ایک گھڑیوں کی دکان سے جعلی رسید بنوائی اور ہمیں کہتے تھے رسیدیں دو، پندرہ سے بیس ارب کے انہوں نے تحائف بیچے، دو سو کے قریب ان کو تحائف ملے، یہ قبضہ گروپ تھا، علیمہ خان اور عظمیٰ خان زمینوں پر قبضے کراتی پھر رہی تھیں۔