• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الیکشن 8 فروری کو ہی ہوں گے، کسی کو بھی ابہام نہیں ہونا چاہیے، وزیر داخلہ

نگراں وزیر داخلہ گوہر اعجاز ۔ فوٹو: فائل
نگراں وزیر داخلہ گوہر اعجاز ۔ فوٹو: فائل

نگراں وزیر داخلہ  گوہر اعجاز کا کہنا ہے کہ الیکشن 8 فروری کو ہیں، اس کے انعقاد پر کسی کو ابہام نہیں ہونا چاہیے۔

بلوچستان و خیبرپختونخوا میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر چیف الیکشن کمشنر کی زیرصدارت اجلاس ہوا، چیف الیکشن کمشنر نے کہا ہے کہ الیکشن 8 فروری کو ہی ہوں گے، پورے ملک میں ہوں گے۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگراں وزیر داخلہ نے کہا کہ الیکشن کا انعقاد ہر صورت نگراں حکومت، الیکشن کمیشن یقینی بنائے گا۔ 8 فروری کو الیکشن ہر صورت میں ہوں گے۔

 سکندر سلطان راجہ نے کہا انتخابات کے انعقاد پر کسی کو شک ہے تو نکال دے، امن و امان کی صورت حال خراب کرنے والے عناصر کے ساتھ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پاک فوج کی مدد سے سختی کے ساتھ نمٹا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی چیلنجز موجود ہیں، تاہم الیکشن کمیشن پوری طرح تیار ہے، پُرامن انتخابات کے لیے سارے انتظامی اور حفاظتی اقدامات کر لیے ہیں۔

چیف الیکشن کمیشنر نے یہ بھی کہا کہ امیدواروں کو بلاخوف خطر انتخابی مہم چلانے اورشہریوں کو اپنا حق رائے دہی استعمال کرنےکے لیے محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کیا جائے گا۔

وزیر داخلہ، سیکرٹری داخلہ، چیف سیکرٹریز بلوچستان اور خیبر پختونخوا، بلوچستان و خیبر پختونخواہ کے آئی جیز پولیس اور حساس اداروں کے حکام اجلاس میں شریک تھے۔

قومی خبریں سے مزید