پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر و سینئر نائب صدر مریم نواز نے نام لیے بغیر بشریٰ بی بی کو نشانے پر لے لیا۔
سوات میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ جب آپ کے بچے لندن میں آرام سے ہیں یہاں کے بچے سلاخوں کے پیچھے کیوں؟ جب ایک خاتون نے چوری کی ہے تو وہ بنی گالہ کے محل میں کیوں ہے؟ یہ جن موکلوں اور جنوں کے بل پر حکومت کر رہے تھے انہیں وہ بھی چھوڑ کر بھاگ گئے، نواز شریف کی بیٹی کسی کی گرفتاری پر خوشی نہیں مناتی۔
مریم نواز نے کہا کہ مجھے بھی سہالہ ریسٹ ہاؤس جانے کی پیشکش کی گئی، بی کلاس دینے کی پیشکش کی گئی، لیکن میں نے یہ سہولتیں لینے سے انکار کر دیا اور کہا کہ اڈیالہ جیل میں والد کے ساتھ جاؤں گی۔
انہوں نے کہا کہ سازشیں کرنے والے سدا نہیں رہتے، نواز شریف نےجن کی 10 سال حکومت رہی، ان کے جھوٹ گنوائے ہیں، جس نے لوگوں کو چور چور کہا، آج وہ پاکستان کا سب سے بڑا چور ثابت ہوگیا، جس نے چوری کے جھوٹے الزام لگائے وہ چور نکلا اس کا خاندان بھی چور نکلا۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ کیا جلاؤ گھیراؤ خیبر پختونخوا کے نوجوانوں کا مقدر ہے، جلاؤ گھیراؤ آپ کے بچوں کا مقدر نہیں تو خیبر پختونخوا کے نوجوانوں کا کیوں؟ اگر آپ کے بچے محفوظ مقام لندن میں بیٹھے ہیں تو یہاں کے نوجوان جیلوں میں کیوں ہیں؟ آپ کے ورغلانے سے خواتین کارکن 9 مئی کے حملوں میں سلاخوں کے پیچھے ہیں۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ لوگوں نے کہا کہ نواز شریف پھر نہیں آئے گا، وہ لوگ تاریخ کے کوڑے دان میں اور نواز شریف آپ کے درمیان موجود ہے، نواز شریف آپ کا دکھ دیکھتا ہے تو اپنا دکھ بھول جاتا ہے، انہیں تاحیات نااہل کرنے والے آج دیکھتے تو ہوں گے، نواز شریف کی بیٹی کو باپ کے سامنے گرفتار کرنے والے آج دیکھتے تو ہوں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ 8 فروری کو ووٹ کی پرچی کو پرچی نہ سمجھنا، یہ آپ کے مستقبل کا فیصلہ ہے۔