• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انتخابات میں رخنہ ڈالنے والے عناصر سے سختی سے نمٹیں گے، چیف الیکشن کمشنر

سکندر سلطان راجہ: فوٹو فائل
سکندر سلطان راجہ: فوٹو فائل

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا کہنا ہے کہ انتخابات میں رخنہ ڈالنے والے عناصر سے پاک فوج کی مدد سے سختی سے نمٹیں گے، امن و امان خراب کرنے والوں سے نرمی نہیں برتی جائے گی، 8 فروری کے انتخابات وقت پر ہوں گے۔

اسلام آباد میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال سے نمٹا جا رہا ہے، الیکشن 8 فروری کو پورے ملک میں ہوگا، کوئی ابہام نہ رہے، سیکیورٹی صورتحال کو بہتر بنایا جا رہا ہے، الیکشن وقت پر ہوں گے، کسی کو وہم یا گمان نہیں ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ  عام انتخابات کے پُرامن انعقاد کیلئے ضروری انتظامی و حفاظتی انتظامات کر لیے، سیاسی جماعتوں، امیدواروں کو بلا خوف و خطر انتخابی مہم چلانے کا سازگار ماحول فراہم ہوگا، شہریوں کو ووٹ ڈالنے کیلئے محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کیا جائے گا، ووٹوں کی گنتی، نتائج اعلان کے وقت قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر سے خبردار رہا جائے۔

سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ آج بلوچستان اور خیبرپختونخوا کی امن و امان اور الیکشنز تیاریوں، امیدواروں، ووٹرز، انتخابی دفاتر کی سیکیورٹی پر بریفنگ دی گئی، آج کے اجلاس میں سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، بلوچستان اور کےپی کے میں بدامنی کے واقعات کا تعلق دہشت گردی سے ہے، دہشت گردی انتخابی عمل کی سب سے بڑی دشمن ہے، سیکیورٹی چیلنج موجود ہیں تاہم الیکشن کمیشن پوری طرح تیار ہے۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ پولنگ ڈے پر انٹرنیٹ کی بندش کے حوالے سے کوئی بات زیر غور نہیں، انٹرنیٹ سروس کا معاملہ سامنے آیا تو ہمارا ای ایم ایس آف لائن کام کرے گا۔

سکندر سلطان راجہ نے یہ بھی کہا کہ اس وقت ضمنی انتخابات کیلئے بیلٹ پیپرز دستیاب نہیں۔

قومی خبریں سے مزید