بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور بشریٰ بی بی کے خلاف عدت میں نکاح کیس کی سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی اور خاور مانیکا کے درمیان جھگڑا ہوگیا۔
راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں عدت میں نکاح کیس کی سماعت سینئر سول جج قدرت اللّٰہ نیازی نے کی، سماعت کے دوران بشریٰ بی بی اور بانی پی ٹی آئی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔
دوران سماعت بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی اور خاور مانیکا کے درمیان جھگڑا ہوگیا، بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے خاور مانیکا کو مُکا مارنے کی کوشش کی۔
بانی پی ٹی آئی نے دعویٰ کیا کہ انھوں نے بشریٰ کو پہلی بار نکاح کے دن دیکھا، وہ اور بشریٰ بی بی قرآن پاک پر حلف لینے کو تیار ہیں، خاور مانیکا بھی حلف لیں۔
خاور مانیکا نے بانی پی ٹی آئی کو جواب دیا کہ میں قرآن پر حلف اٹھانے کو تیار ہوں، تم جھوٹ بول رہے ہو ، خدا سے ڈرو ، تم نے میرا گھر برباد کر دیا۔
بانی پی ٹی آئی نے قرآن پاک پر حلف لینے کی ضد کی، عدالت نے آرڈر لکھوایا کہ قرآن پاک پر حلف لینے کے بعد ملزمان کا جرح کا حق ختم ہو جائے گا ، اس پر بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم حلف بھی لیں گے اور جرح بھی کریں گے۔
جرح کے دوران خاور مانیکا نے بانی پی ٹی آئی کے وکیل عثمان گل سے کہا کہ تم ایسے سوال کر رہے ہو جیسے میں ان پڑھ ہوں، اس پر وکیل عثمان گل نے غصے میں کہا کہ تمھیں اٹھا کر باہر پھینک دوں گا۔
عثمان گل نے خاور مانیکا کو مُکا مارنے کی بھی کوشش کی، جج نے کہا کہ اگر آپ گواہ کو مُکا مارنے کی کوشش کریں گے تو جرح کیسے چلے گی۔
عدالت سے جاتے وقت بانی پی ٹی آئی کی بہنوں سے بھی خاور مانیکا کی تلخ کلامی ہوئی، بہنوں نے خاور مانیکا سے کہا یہ کیا گند کیا ہے؟ جواب میں خاور مانیکا نے کہا کہ آپ کی نسل گندی ہے، گند بانی پی ٹی آئی نے کیا ہے۔
بانی پی ٹی آئی نے جج قدرت اللّٰہ سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ میں اور بشریٰ بی بی قرآن پاک پر حلف لینے کو تیار ہیں خاور مانیکا بھی حلف لے۔
بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ بشریٰ بی بی کو نکاح کے دن دیکھا، قرآن اٹھانے کو تیار ہوں، جس پر خاور مانیکا نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ تم جھوٹ بول رہے ہو خدا سے ڈرو، تم نے میرا گھر برباد کیا۔
عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی خاور مانیکا کو حلف کی پیشکش کو ریکارڈ کا حصہ بنا دیا۔
عدت میں نکاح کیس کی سماعت کل صبح 9 بجے تک ملتوی کردی گئی، عدالت نے تمام چار گواہان کے بیانات قلمبند کر لیے، گواہان میں مفتی سعید، عون چوہدری، خاور مانیکا اور محمد لطیف شامل تھے۔
بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان ریاض گل نے 2 گواہان خاور مانیکا اور عون چوہدری پر جرح مکمل کرلی، بشریٰ بی بی کے وکیل کل مزید 2 گواہان محمد لطیف اور مفتی سعید پر جرح کریں گے۔
بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجہ کل چاروں گواہان پر جرح کریں گے۔
بشریٰ بی بی کے وکیل کی خاور مانیکا پر جرح
بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف عدت میں نکاح کیس کی سماعت کے دوران خاور مانیکا کے بیان پر بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان گل نے جرح کی۔
خاور مانیکا نے کہا کہ یہ درست ہے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے غیر شرعی تعلقات کا چشم دید گواہ نہیں، یہ درست ہے فرح گوگی نے مجھ سے طلاق کی تاریخ تبدیل کرنے کا کہا۔
خاور مانیکا سے وکیل نے سوال کیا کہ غیر شرعی تعلقات کا کوئی ثبوت عدالت میں پیش کیا؟ خاور مانیکا نے جواب دیا میرے ملازم نے اس سے متعلق بیان عدالت میں ریکارڈ کرایا۔
وکیل نے کہا کہ آپ کے علم میں ہے کہ غیر شرعی تعلقات کا الزام کیسے ثابت کرنا ہے۔
اس پر جج نے کہا کہ یہ سوال غیر متعلقہ ہے، عدالت نے غیر شرعی تعلقات دفعات کو کیس سے ختم کردیا۔
خاور مانیکا نے وکیل عثمان گل سے کہا ایسے سوالات کررہے ہو جیسے ان پڑھ ہوں۔
وکیل عثمان گل نے غصے میں خاور مانیکا کو جواب دیا تمہیں اٹھا کر باہر پھینک دوں گا۔
خاور مانیکا نے کہا وکیل پی ٹی آئی کے ایکٹویسٹ بنے ہوئے ہیں۔ اس پر وکیل عثمان گل نے کہا جرح کرنا میرا حق ہے۔
جج نے کہا کہ اگر آپ گواہ کو مکا مارنے کی کوشش کریں گے تو جرح کیسے چلے گی، ہم محبت سے چل رہے ہیں، سختی پر مجبور نہ کریں۔
عدالت نے عثمان گل کو جرح جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی، جس پر وکیل عثمان گل نے کہا عدالت نہیں کہہ سکتی کے جرح 15 منٹ میں مکمل کریں۔
جج نے کہا آپ نے غیر متعلقہ سوالات کا سلسلہ جاری رکھا تو جرح کا حق ختم کردوں گا، جتنا وقت جرح کے لیے دیا ہے اتنے میں 4 گواہوں پر جرح مکمل ہوسکتی تھی۔
جرح کے دوران خاور مانیکا آبدیدہ ہوگئے، وکیل عثمان گل نے عدالت سے بار بار خاور مانیکا کے آبدیدہ ہونے کو ریکاڈ پر لانے کی استدعا کی۔