• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میاں صاحب کو ملک و معیشت کی فکر نہیں، بس کرسی پر بیٹھنا چاہتے ہیں، بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ میاں صاحب کو ملکی معیشت کی فکر نہیں، وہ بس کرسی پر بیٹھنا چاہتے ہیں۔

میرپور خاص میں جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میاں صاحب خوفزدہ ہیں، میں نے تو مباحثے کا مطالبہ کیا تھا، جو چوتھی بار وزیراعظم بننا چاہ رہے ہیں یہ بزدل اور ڈرپوک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جو شخص خود کو چوتھی بار مسلط کرنا چاہ رہا ہے اس کو احساس ہی نہیں، اس کی طاقت کی بھوک کی وجہ سے جو بھی ہوجائے اس کو اقتدار کی کرسی پر بیٹھنا ہے۔

پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ میاں صاحب کو معیشت یا ملک کو نقصان کی فکر نہیں بس کرسی تک پہنچنا ہے، وہ چاہتے ہیں کہ رائیونڈ میں بیٹھ کر میرپورخاص کے انتخابات کے نتائج بنائیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ یہ خوفزدہ ہیں، خیبرپختو نخوا میں ن لیگ کے حالات بہت پتلے ہیں، پنجاب اور لاہور ن لیگ کے ہاتھ سے نکل رہا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے یہ بھی کہا کہ وہ خوف زدہ ہیں جانتے ہیں کہ انہوں نے ایک ٹکے کا کام نہیں کیا، وہ زور ڈال رہے ہیں نگراں حکومت پر پریشر ڈال رہے ہیں، یہ پریشر ڈال رہے ہیں کہ رائیونڈ میں فارم 45 پہنچائیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک طرف پیپلز پارٹی کھڑی ہے اور دوسری طرف تمام سیاسی جماعتیں ہیں، کوئی عوام کو مذہب، کوئی فرقہ واریت اور کوئی لسانی بنیاد پر تقسیم کرنا چاہتا ہے۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ دیگر سیاسی جماعتیں سیاسی انتقام لے رہی ہیں، تقسیم کرنے والوں کو ہم 8 فروری کو جواب دیں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کا منشور لے کر انتخابی مہم چلا رہا ہوں، ہمارا مقابلہ کسی سیاسی جماعت سے نہیں بلکہ غربت اور مہنگائی سے ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ خیبر پختونخوا، پنجاب، بلوچستان کا انتخابی دورہ کیا، آج میں اپنے میرپورخاص میں اپنی بہنوں اور بھائیوں کے ساتھ ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میرپورخاص کے عوام نے ذوالفقار بھٹو کا ساتھ دیا تو ملک کی تقدیر بدلی، 2018 کے الیکشن میں یہاں آنے کا موقع نہیں ملا تھا۔

پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ میرپورخاص کے عوام شہید بے نظیر بھٹو کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے تھے، ہم مہنگائی کا مقابلہ کرنے کے لیے سیاست کررہے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید