پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا تارڑ نے پیپلز پارٹی پر این اے 127 میں ووٹ خریدنے کا الزام لگا دیا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ ہمیں اطلاع آ رہی تھی کہ پیپلز پارٹی ووٹوں کی خرید و فروخت میں ملوث ہے، پیپلز پارٹی نے حلقے میں ووٹوں کی خرید و فروخت شروع کی، انہوں نے کوشش کی کہ پیسے کا بے دریغ استعمال کیا جائے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ سندھ سے گاڑیوں کے ذریعے پیسے لائے گئے ہیں، کمیشن ایجنٹ مقرر کیے گئے جو زیادہ ووٹ لائے گا اس کا زیادہ کمیشن ہے، ایک سیٹ اپ موجود ہے جو ووٹوں کی خرید و فروخت میں ملوث ہے۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ ہمیں بلاول بھٹو زرداری حلقے میں کہیں نظر نہیں آرہے، آپ کوشش کر رہے ہیں پیسا استعمال کرکے ووٹوں میں تبدیل کیا جائے، یہ کرپشن کا پیسا سندھ کے عوام کا حق تھا۔
انہوں نے کہا کہ لاڈلے کو ایم این اے بنانے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کیے جا رہے ہیں، آپ کا سارا تکیہ پیسے پر ہے، سندھ سے آکر لوگ بیٹھے ہوئے ہیں، ہماری قیادت نے ہمیشہ صاف ستھری سیاست کی ہے، ہم نے ہمیشہ ووٹوں کی سیاست کی ہے، نوٹوں کی نہیں۔