سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ ملک میں مک گیا شو، گو نواز گو ہوگیا ہے، سیل لگ گئی ہے، بیوپاری اسلام آباد آچکے ہیں، پیپلز پارٹی آزاد امیدواروں کے ساتھ اپوزیشن میں بیٹھے گی تو 6،7 ماہ میں سارا مک جائےگا۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہو ں نے کہا کہ کراچی میں سرپرائز ہوگیا، کراچی میں ایم کیوایم کچھ زیادہ ہی سیٹیں لے رہی ہے۔
فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ توقع یہی تھی کہ آزاد امیدوار کو برتری رہے گی، پی ٹی آئی کی مقبولیت نفرت کی بنیاد پر پڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی اپنی مقبولیت اور پی ڈی ایم حکومت سے نفرت ایک لہر کی بنیاد بنی۔ گھٹیا اور ذاتیات پر مبنی فیصلے سنائیں گے تو ردعمل ہی آئے گا۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ زرداری کو مائنس کرکے نظام آگے نہیں چل سکتاجبکہ لولا لنگڑا اقتدار بھی ن لیگ کا آخری اقتدار ہوگا۔ میں جو کہہ رہا ہوں آئندہ 72 گھنٹوں میں سامنے آجائے گا۔
فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ ہمارے قانونی ڈھانچےکے اندرونی مسائل کا تدارک کرنا ضروری ہے،جب چاہیں آپ کسی کو گھر بھیج دیتے ہیں، جب چاہیں معاف کر دیتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس ملک میں مردے کا ووٹ ڈلتا ہے اور انسان جیتتا ہے، 35 سال میں جو بگاڑ پیدا کیا وہ نیا کام کیا کریں گے۔