پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر گوہر علی خان نے دعویٰ کیا ہے کہ اطلاعات کے مطابق ہمارے پاس 150 سیٹوں کی اکثریت ہے، ہم وفاق، پنجاب اور کے پی کے میں حکومت بنائیں گے۔
بیرسٹر گوہر علی خان نے جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ابھی فیصلہ نہیں ہوا کہ کس کو وزیراعظم بنائیں گے۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ریزرو سیٹوں کے لیے پارٹی جوائن کرنا ضروری ہے، فیصلے کے لیے دو ہفتے کا وقت ہے کہ کسی اور پارٹی میں جانا ہے یا پی ٹی آئی میں رہیں۔
بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ ابھی کسی جماعت کے ساتھ اتحاد کا فیصلہ نہیں ہوا، ہم انٹرا پارٹی الیکشن کرائیں گے، نوٹیفکیشن بھی جاری کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ عام انتخابات کی وجہ سے انٹرا پارٹی الیکشن ملتوی کیا، عام انتخابات کے بعد انٹرا پارٹی الیکشن بھی کرائیں گے۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ امید ہے صبح 10 بجے سے پہلے سارے نتائج آجائیں گے، کوشش کریں گے پارلیمنٹ کا حصہ رہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جو بھی مسائل ہیں پارلیمنٹ کے پلیٹ فارم سے حل کریں گے، جمہوریت، معیشت کے لیے سب سے بات کریں گے۔
بیرسٹر گوہر علی خان نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ سے اتحاد نہیں ہوسکتا، دیگر پارٹیوں سے اتحاد کے لیے پارٹی میں مشاورت کریں گے۔