ماچس کی تیلیوں سے تیار کردہ دنیا کے سب سے بڑے ایفل ٹاور ماڈل کو گنیز ورلڈ ریکارڈز نے ایک بار تکنیکی بنیاد پر نا اہل قرار دینے کے بعد اب باقاعدہ طور پر ریکارڈ ہولڈر قرار دے دیا ہے۔
ماچس کی تیلیوں سے 7.19 میٹر لمبے اس ایفل ٹاور ماڈل کو فرانسسی شہری رچرڈ پلوڈ نے تیار کیا ہے۔
رچرڈ پلوڈ کو 7 لاکھ ماچس کی تیلیوں سے 7.19 میٹر لمبے اس ایفل ٹاور ماڈل کو تیار کرنے میں 8 سال لگے۔
ابتداء میں اُنہوں نے کمرشل طور پر دستیاب ماچس کی تیلیاں استعمال کیں لیکن ماچس کی تیلیوں کے لال رنگ کے سلفر والے سِروں کو کاٹنے کے عمل میں بہت زیادہ وقت لگ رہا تھا اس لیے اُنہوں نے مینوفیکچرر سے رابطہ کرکے بالکل سادہ ماچس کی تیلیاں حاصل کیں۔
رچرڈ پلوڈ نے اس ایفل ٹاور ماڈل کو گزشتہ سال 27 دسمبر کو مکمل کیا تھا اور پھر باقاعدہ ریکارڈ اپنے نام کرنے کے لیے گنیز ورلڈ ریکارڈز سے رابطہ کیا تو وہاں سے ان کے اس پروجیکٹ کو یہ کہہ کر مسترد کر دیا گیا کہ اسے بنانے کے لے کمرشل طور پر دستیاب ماچس کی تیلیاں استعمال نہیں کی گئیں۔
بعد ازاں، گنیز ورلڈ ریکارڈز نے اپنا مؤقف بدل لیا اور گنیز ورلڈ ریکارڈز کے نمائندہ مارک میکنلے نے اپنے بیان میں کہا کہ ہمیں رچرڈ پلوڈ کے اس پروجیکٹ کو تسلیم کرتے ہوئے بہت خوشی ہے اس پروجیکٹ کے بارے میں ہمارے ابتدائی ریمارکس قدرے سخت تھے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ رچرڈ پلوڈ کا یہ پروجیکٹ واقعی حیرت انگیز ہے۔
اب رچرڈ پلوڈ کو امید ہے کہ وہ جولائی میں ہونے والے اولمپکس کے لیے پیرس میں اپنا یہ پروجیکٹ نمائش کے لیے پیش کریں گے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل یہ ریکارڈ لبنان سے تعلق رکھنے والے توفک دہر کے پاس تھا جنہوں نے 2009ء میں 6.53 میٹر کا ایفل ٹاور بنایا تھا۔