مسلم لیگ (ضیاء) کے سربراہ محمد اعجاز الحق اور ق لیگ سربراہ چوہدری شجاعت حسین کے درمیان ملاقات ہو گئی۔
ذرائع کے مطابق اعجاز الحق اور چوہدری شجاعت کے درمیان ہونے والی ملاقات میں حکومت سازی سے متعلق امور پر بات چیت ہوئی۔
اعجاز الحق نے کہا کہ چوہدری شجاعت کو الیکشن میں کامیابی پر مبارک باد دینے آیا ہوں، وہ ہمارے بزرگ اور مشکل کے ساتھی ہیں، ملک مشکل حالات سے گزر رہا ہے اتحاد کے ساتھ چلنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ چوہدری شجاعت سے ملاقات ہوئی، دوستوں سے مشاورت کریں گے، دوستوں سے مشاورت کر کے چوہدری شجاعت سے دوبارہ ملاقات کروں گا، تحریک انصاف سے ٹیلی فون پر رابطہ ہوا ہے ابھی ملاقات نہیں ہوئی۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے مفاد کا سوچیں گے تو مسائل بھی حل ہو جائیں گے، یہ جھگڑے کی بات نہیں کہ کون کس کے ساتھ کہاں بیٹھا ہوا ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ جس سے بات ہو رہی ہے وہ پارٹی سطح پر ہورہی ہے انفرادی نہیں، ملک کے لیے جو خدمت کر سکے کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بہت سے لوگ ملنے کے لیے آرہے ہیں، ہمیں مل کر کام کرنا ہے، پی ٹی آئی سے بھی رابطہ ہو جائے گا، ہمیں چاہیے مل کر پاکستان کی بہتری کے لیے کام کریں، اعجاز الحق کو ایک ساتھ کام کرنے کی دعوت دی ہے۔
یاد رہے کہ محمد اعجاز الحق این اے 163 بہاولنگر سے کامیاب ہوئے ہیں۔