لاہور(خصوصی نمائندہ+ جنرل رپورٹر+مانیٹرنگ سیل+میگزین رپورٹ) مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے کہااگر عمران خان کو شیر وانی پہننے کا شوق ہے تو وہ انہیں شیروانی سلوا دیتے ہیں اور وزیر اعظم کہنا شروع کردیتے ہیں ۔ ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ احتجاج کرنے والے پہلے اپنے گریبانوں میں جھانکیں۔ ان کی چوردروازے سے اقتدار میں آنے کی خواہش کبھی پوری نہیں ہو گی۔ آف شور کمپنیوں پر احتجاج کرنے والے خود اور ان کے ساتھی ان کمپنیوں کے مالک ہیں۔ میاں محمدنوازشریف نے اپنا فرض پورا کر دیا ہے۔ اب کسی ایک ذات کا نہیں سب کا بے لاگ احتساب ہونا چاہیے ۔ قوم جانتی ہے کہ سوئٹزرلینڈ کے اکائونٹس اور سرے محل کی ملکیت کا پہلے انکار اور پھر اقرار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کے پی کے کے عوام عمران خان کو ڈھونڈ رہے ہیں۔ بہتر ہے کہ وہ ان کے مسائل سنیں اور اپنا فرض وہاں پورا کریں جہاں انہیں مینڈیٹ ملا ہے اور ہمیں عوام کی خدمت اور پہاڑ جیسے مسائل حل کرنے کا کام کرنے دیں۔ حمزہ شہبازنے سندس فائونڈیشن کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی کشتی کا بیڑا پار لگانا ہمارا فرض ہے۔ 2018ء میں میدان سجے گا تو دیکھیں گے کہ کس نے وزیراعظم بننا ہے ۔ پاکستان کی بہتری کے لئے ہزاروں وزارت عظمیٰ قربان کی جا سکتی ہیں۔ عمران خان کو یاد رکھنا چاہیے کہ عوام کی خدمت کے لئے جلاوطنی‘ جیلیں اور محرومیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ الزام تراشی کی بجائے خدمت کو اپنانا پڑتا ہے ۔ کراچی کے حالات‘ دہشت گردی و بھتہ خوری میں کمی کس نے کی ۔ پاکستان کے لئے 42ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کون لایا ۔ حمزہ شہبازنے کہا کہ سندس فائونڈیشن جیسے ادارے انسانیت کی معراج ہیں جہاں منوبھائی جیسی عظیم شخصیت خدمات سرانجام دے رہی ہے۔ سندس فائونڈیشن کی طرف سے حمزہ شہبازکو بریفنگ میں پنجاب حکومت کی کاوشوں کو سراہا گیا۔ صحت کے مشیر خواجہ سلمان رفیق ‘ سہیل وڑائچ‘ خالد عباس ڈار‘ ناصر سعید‘ بابر علی‘ واصف ناگی ‘ یٰسین خان اور صدر پریس کلب میاں شہبازبھی اس موقع پر موجود تھے۔