• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نگراں وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس، اہم فیصلوں کی منظوری

--فائل فوٹو
--فائل فوٹو

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا۔

وفاقی کابینہ نے وزارت تجارت کی سفارش پر اقوام متحدہ ترقیاتی پروگرام (UNDP) کے تحت افغانستان کنٹری آفس کے زیر استعمال گاڑیوں کے اسپئیر پارٹس اور نئے ٹائروں کی کراچی پورٹ سے کابل، افغانستان ٹرانزٹ / منتقلی کی منظوری دے دی۔ 

کابینہ کو بتایا گیا کہ ملک میں اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ایسی درآمدات اور ان کی افغانستان منتقلی کی ممانعت ہے تاہم اقوام متحدہ ترقیاتی پروگرام کے تحت مذکورہ اسپئیر پارٹس اور ٹائروں اقوام متحدہ کے استعمال میں ہوں گے اور انہیں کاروباری استعمال میں نہیں لایا جائے گا۔

وفاقی کابینہ نے وزارت دفاعی پیداوار کی سفارش پر سیکریٹیریٹ گروپ کے گریڈ بیس (20) کے افسر خان نواز کی ہیوی انڈسٹری ٹیکسلا میں بطور ممبر فنانس دوبارہ تعیناتی کی منظوری دے دی۔

وفاقی کابینہ نے وزارت داخلہ کی سفارش پر دہری شہریت کے حامل ملزم عرفان قادر بھٹی کو سلطنت ناروے کے حوالے کرنے کی منظوری دے دی۔ 

کابینہ کو بتایا گیا کہ ملزم پر حکومت ناروے کی جانب سے دہشتگردی میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔ اس حوالے سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو بطور انکوائری آفیسر تعینات کیا گیا تھا، جو بعد از تفتیش اس نتیجہ پر پہنچے کہ ملزم دہشتگردی اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہے۔ ان معلومات کی روشنی میں وفاقی کابینہ نے ملزم کو ناروے کے حوالے کرنے کی منظوری دی۔

وفاقی کابینہ نے وزارت تخفیف غربت و سماجی تحفظ کی سفارش پر منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال کی خالی آسامی پر سید طارق محمد الحسن کی تعیناتی کی منظوری دے دی۔

وفاقی کابینہ نے وزارت اطلاعات و نشریات کی سفارش پر پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن کی جانب سے غیر ملکی براڈکاسٹرز کو کھیلوں کے مقابلوں کے نشریاتی حقوق کی مد میں ادائیگیوں کی اجازت دے دی۔

وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے 6 فروری 2024 کے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کر دی۔

وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز کے 7 فروری 2024 کے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کر دی۔

وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے 7 فروری 2024 کے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کر دی ۔

وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 7 فروری 2024 اور 14 فروری 2024 کے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کر دی۔

قومی خبریں سے مزید