گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کی رہنما فہمیدہ مرزا کا کہنا ہے کہ عوام کے حقوق پر ڈاکا ڈالنے پر آرٹیکل 6 لگنا چاہیے، اٹھارویں ترمیم کو مذاق بنا دیا گیا ہے، اب سندھ کے عوام چپ نہیں بیٹھیں گے۔
جامشورو میں مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے فہمیدہ مرزا نے کہا کہ ہم ہر قربانی دینے کو تیار ہیں، جب تک سندھ کے حقوق نہ دلادیں چین سے نہیں بیٹھیں گے، سندھ کو کالونی بنا دیا گیا، ہر بار سندھ کا سودا کر دیا جاتا ہے، دھاندلی کس نے کروائی، آج بچے بچے کی انگلیاں آپ کی طرف ہیں۔
فہمیدہ مرزا نے کہا کہ پنجاب جا کر کہتے ہیں شیر خون چوس رہا ہے، سندھ میں کون خون چوس رہا ہے، الیکشن کے بعد ہم پر ایف آئی آر کاٹی جا رہی ہیں، سیاسی انتقام لیا جا رہا ہے، اگر ایسا مزید ہوا تو دما دم مست قلندر کرکے دکھائیں گے۔
رہنما جی ڈی اے نے کہا کہ چاہتے ہیں سندھ کی سطح پر اتحاد کریں، اتحاد میں وہ تمام جماعتیں شامل ہوں جن کے ساتھ زیادتی ہوئی یے، سندھ کے لوگ بھی اب اپنے موقف پر کھڑے رہیں گے، نام نہاد جمہوریت کا لبادہ اتر چکا ہے، اب ہم حقیقی جمہوریت کیلئے جدوجہد کریں گے، یہ الیکشن کمیشن اور الیکشن نامنظور ہے۔