کمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت علی چٹھ کی پاکستان سپر لیگ پر پریس کانفرنس ڈرامائی انداز میں الیکشن 2024ء کے موضوع میں تبدیل ہو گئی۔
پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کے دوران لیاقت علی چٹھ نے کہا کہ پی ایس ایل کے میچز کا انعقاد خوشی کی خبر ہے لیکن میں اس سے زیادہ اہم خبر دینا چاہتا ہوں، مجھےسوا سال پہلے صاف و شفاف الیکشن کرانے کے لیے کمشنر راولپنڈی ڈویژن تعینات کیا گیا تھا۔
کمشنر راولپنڈی نے مزید کہا کہ میں انتہائی افسوس کے ساتھ کہتا ہوں کہ الیکشن ٹھیک نہیں کروا سکا، میں نے اس الیکشن میں غلط کام کیا، اپنے عہدے سے استعفیٰ دے رہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ 13 ایم این اے کی سیٹیں جو ہاری ہوئی تھیں، اس پرہم نے لوگوں کو جتوایا، لوگوں کی 70، 70 ہزار کی لیڈ کو ہم نے ان کی شکست میں بدلا۔
واضح رہے کہ کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ انتخابی بے ضابطگیوں پر مستعفی ہو گئے اور خود کو پولیس کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے کہا ہے کہ میں نے راولپنڈی ڈویژن میں ناانصافی کی ہے، میں نے جو ظلم کیا اس کی سزا مجھے ملنی چاہیے، باقی جو بھی اس میں ملوث ہیں انہیں بھی سزا ملنی چاہیے۔