پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی نے کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کے الزامات پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے اپنے بیان میں کمشنر راولپنڈی کے انکشافات پر فی الفور تحقیقات کروانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمشنر راولپنڈی نے تہلکہ خیز انکشافات کیے ہیں، پیپلزپارٹی کو بھی الیکشن پر تحفظات ہیں۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ ہم الیکشن کے حوالے سے چیزیں اکھٹی کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ انتخابی بے ضابطگیوں پر مستعفی ہو گئے اور خود کو پولیس کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے کہا ہے کہ میں نے راولپنڈی ڈویژن میں ناانصافی کی ہے، میں نے جو ظلم کیا اس کی سزا مجھے ملنی چاہیے، باقی جو بھی اس میں ملوث ہیں انہیں بھی سزا ملنی چاہیے۔
واضح رہے کہ سی پی او راولپنڈی نے کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کو گرفتار کر لیا ہے۔
کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کو گرفتاری کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے جبکہ کمشنر آفس راولپنڈی کو مکمل طور پر سیل کردیا گیا ہے۔