ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ نے کہا ہے کہ ڈی آر او اور کمشنر کا نتائج سے کوئی تعلق نہیں ہوتا۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر حسن وقار چیمہ نے جیو نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کمشنر اور ڈی آر او کا کام الیکشن سے قبل کوآرڈینیشن اور ٹریننگ میں مدد کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کمشنر اور ڈی آر او انتخاب کو سپروائر کرتے ہیں مگر الیکشن عمل میں ان کا کوئی کردار نہیں ہوتا، آر او اور الیکشن کمیشن نتائج پر براہ راست رابطے میں ہوتے ہیں۔
واضح رہے کہ کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ انتخابی بے ضابطگیوں پر مستعفی ہوگئے اور خود کو پولیس کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے کہا تھا کہ میں نے راولپنڈی ڈویژن میں ناانصافی کی ہے، میں نے جو ظلم کیا اس کی سزا مجھے ملنی چاہیے، باقی جو بھی اس میں ملوث ہیں انہیں بھی سزا ملنی چاہیے۔
کمشنر راولپنڈی ڈویژن نے کہا تھا کہ ہم نے اس ملک کے ساتھ غلط کام کیا، جو کام میں نے کیا وہ کسی طرح مجھے زیب نہیں دیتا، میں اپنے عہدے اور سروس سے استعفیٰ دیتا ہوں۔
انہوں نے کہا تھا کہ مجھ پر سوشل میڈیا اور اوورسیز پاکستانیوں کا دباؤ تھا، میں نے آج صبح کی نماز کے بعد خودکشی کی کوشش کی، میں نے سوچا کیوں نا یہ چیزیں عوام کے سامنے رکھوں، میں حرام موت کیوں مروں، میں کرب سے گزر رہا ہوں، سیاسی لوگ شیروانی سلوا کر منسٹر بننے کے لیے گھوم رہے ہیں، ملک سے غداری اور بے ضمیری نہیں کرنی چاہیے۔