پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کی خاتون رہنما شاندانہ گلزار نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے پیروکار بدلہ لینے والے نہیں ہیں۔
پشاور میں تیمور سلیم جھگڑا اور عاصم خان کے ہمراہ پریس کانفرنس میں شاندانہ گلزارنے کہا کہ ہم سب نے پی ٹی آئی کو اس وقت سپورٹ کیا جب ہماری جانوں کو بھی خطرہ تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری زندگی کا ایک ہی مقصد ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو انصاف ملے، بانی چیئرمین کے پیروکار بدلہ لینے والے لوگ نہیں ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ ان لوگوں نے ہمارے گھروں پر دھاوا بولا ہے، کیا یہ لوگ اب خیبر پختونخوا کے ہر گھر میں گھسیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پشاور میں ریٹرننگ آفیسرز (آر اوز) نے میرے پارٹی کے ساتھیوں کا مینڈیٹ چوری کیا ہے۔
شاندانہ گلزار نے یہ بھی کہا کہ راولپنڈی میں ایک ڈی آر او کا ضمیر جاگا تو مریم اورنگزیب نے کہا کہ اس کا دماغی توازن خراب ہے۔
انہوں نے کہا کہ آر اوز ان لوگوں کو بنایا گیا جنہوں نے ہمارے گھروں پر دھاوا بولا تھا لیکن ہم بدلا لینے والے لوگ نہیں ہے، ہمارا مقصد عمران خان کو انصاف دلانا ہے۔
تیمور سلیم جھگڑا کا کہنا تھا کہ میرے حلقے میں ووٹوں کو تبدیل کیا گیا، یہ دھاندلی چھپائی نہیں جا سکتی، یہ سب ان کو یہ سب عوام کے سامنے لانا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ آر اوز نے کاپی پیسٹ کر کے پشاور میں جیتنے والوں کے آرڈرز جاری کئے، الیکشن کے بعد سے اراوز غائب ہے ان کے فون بھی بند ہے۔