کراچی (نیوز ڈیسک) ڈونلڈ ٹرمپ نے جوتے بیچنا شروع کردیئے، ایک جوڑی جوتے کی قیمت 399ڈالر یعنی ایک لاکھ 11ہزار 423 روپے بنتی ہے۔ ٹرمپ کی کمپنی کے تیار کردہ جوتے ’نیور سرینڈر ہائی ٹاپس‘ انہیں سنائی جانے والی 35 کروڑ 40 لاکھ ڈالر جرمانے کی ٍسزا کے اگلے ہی دن مارکیٹ میں آگئے۔ اسنیکر کون، فلاڈیلفیا میں پہلی آفیشل ٹرمپ فٹویئر کی نقاب کشائی کے موقع پر سابق امریکی صدر نے کہا کہ میں ایک زمانے سے جوتوں کا برانڈ متعارف کرانے کا سوچ رہا تھا۔ اس ایونٹ کو انہوں نے ’دی گریٹیسٹ اسنیکر شو آن ارتھ‘ قرار دیا۔ امریکی خبر رساں ادارے نے بتایا کہ نوجوانوں پر مشتمل کراؤڈ میں سے بعض نے شور مچاکر اور آوازے کس کر ٹرمپ کا ’خیرمقدم‘ کیا۔ ان کے خطاب کے دوران ہال میں گھاس کی سی بو پھیلی ہوئی تھی۔ یہ چمک دار جوتے، جن پر امریکی پرچم کی تفصیل بھی ہے، ایک ویب سائٹ کے ذریعے فروخت کیے جارہے ہیں۔ یہی ویب سائٹ وکٹری 47 کولون اور پرفیوم کی ایک بوٹل بھی 99 ڈالر میں فروخت کر رہی ہے۔