وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے امیگریشن سیل نے پاکستان واپس آنے والے 10 مسافروں کو ویزوں کی جعلسازی پر گرفتار کر لیا ہے۔
ایف آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کو اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل منتقل کر دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق ملزمان کے پاسپورٹس پر جعلی ویزے لگے ہوئے تھے، جو فلائٹ نمبر FZ333 سے دبئی سے کراچی ایئر پورٹ پہنچے تھے۔
ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزمان کے پاسپورٹس پر لگے ویزوں پر ہولوگرام، واٹرمارک اور دیگر خصوصیات آویزاں نہیں تھیں۔ ان کے ویزوں پر لگی مہریں بھی ٹمپرڈ شدہ تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں عاشر رضا، حسنین اشرف، اویس اللہ، مستنصر اقبال، امیر حمزہ، ذیشان اعظم، بلال حسن، فیضان حسن، ارسلان افضل اور علی حمزہ شامل ہیں۔
ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق ملزمان کا تعلق حافظ آباد اور منڈی بہاوالدین سے ہے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان زیارت ویزوں پر ایران گئے تھے۔ ملزمان نے ایجنٹ سے 2 لاکھ فی کس کے عوض مذکورہ عراق کے ویزے حاصل کئے۔
انہوں نے بتایا کہ ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔