کراچی ( اسٹاف رپورٹر) 2023 میں چین کے ساتھ یوآن میں پاکستانی تجارت 14 فیصد تک پہنچ گئی ہے؛ ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ نے چینی نئے سال اور اسپرنگ فسٹیول کے موقع پر پاکستان کی تمام کاروباری، صنعتی اور تاجر برادری کی جانب سے چین کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایف پی سی سی آئی چین کے لیے پاکستانی ایکسپورٹس کو متنوع بنانے اور پائیدار بنیادوں پر وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے اور چین کو اس حوالے سے نہایت اہم ملک سمجھتا ہے۔مزید برآں،چین نہ صرف پڑوسی اور دوست ملک ہے بلکہ وہ پاکستانی برآمدات کے لیے بھی ایک بہت بڑی مارکیٹ ہے۔ انہوں نے اس رجحان پر اپنی خوشی کا اظہار کیا کہ 2023 میں چین کے ساتھ یوآن میں پاکستانی تجارت 14 فیصد تک پہنچ گئی ہے؛ جبکہ 2018 میں یہ محض 2 فیصد تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان پیپل ٹوپیپل اور بز نس ٹو بزنس تعلقات اتنے ہی مضبوط ہیں جتنا کہ دونوں ممالک کے درمیان گورنمنٹ ٹو گو رنمنٹ اسٹریٹجک تعلقات ہیں۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ ایف پی سی سی آئی کے نائب صدور امان پراچہ اور آصف سخی نے کراچی میں چینی قونصل خانے کا دورہ کیا اورایف پی سی سی آئی کے کراچی میں چینی قونصل جنرل Yang Yundong کو چین،اس کی عوام اور کاروباری برادری کے لیے اپنے نیک خیالات کا اظہار کیا۔ نائب صدر ایف پی سی سی آئی امان پراچہ نے بتایا کہ چینی یوآن میں تجارتی حجم میں اضافہ ایک عالمی رجحان ہے اور یہ پاکستان کے معاملے میں خاص طور پر مفید اور قابل قدر ہے۔