پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ شہباز شریف میں اخلاقیات ہو تو شکست تسلیم کریں، جعلی وزیر اعظم اور کابینہ ہو گی، ان لوگوں کو کوئی بھی قبول نہیں کرے گا۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ کل عہدوں کی بندر بانٹ کی گئی ہے، مینڈیٹ ان کے پاس ہے نہیں، ن لیگ کی 23 سیٹ نہیں، ان لوگوں کو شرم حیا اور وقار ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ سے بانی پی ٹی آئی سے ملنے کی اجازت لی تھی، جیل انتظامیہ نے مجھے کہا ہے کہ کل آئیں، کل بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے پھر آؤں گا۔
اسد قیصر کا کہنا ہے کہ کوئی وزیر اعظم، گورنر، وزیر اعلیٰ بننے جا رہا ہے، تحریک انصاف کو بوگس طریقے سے باہر رکھا، الیکشن کمیشن نے تاریخ کے بدترین الیکشن کرائے، پنجاب میں ہمارا مینڈیٹ چوری ہوا، ہم لوگ عوام میں جائیں گے قانونی جنگ بھی ہو گی۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہمیں اب بھی عدالتوں سے امید ہے، پنجاب میں ہماری 220 اور 180 وفاق میں سیٹیں ہیں، فارم 45 قانونی دستاویز ہے، ہمیں معلوم ہے کہ جعلی ٹھپے لگا رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ کمشنر راولپنڈی کے انکشافات پر جوڈیشل کمیشن بنائیں، ایک اسسٹنٹ کمشنر بھی سامنے آیا، چیف جسٹس کے لیے آئین مقدم ہے تو اس کیس کو دیکھیے، پیپلز پارٹی چاہتی ہے کہ ان کے پاس بڑے دفتر آجائیں، وہ عوام کو بتائیں گے کہ ہم شامل نہیں، یہ پی ڈی ایم 2 ہے ان لوگوں نے ملک کو کنگال کیا۔
سابق اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ یہ لوگ ذہنی طور پر ہارے ہوئے ہیں، بہت جلد بانی چیئرمین پاکستان کے وزیر اعظم ہوں گے، میرٹ پر فیصلے ہوئے تو ہماری حکومت ہو گی۔