اسلام آباد(فاروق اقدس/جنگ نیوز)مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی حکومت سازی پر متفق ‘ شہباز شریف وزیر اعظم اور آصف علی زرداری صدر مملکت کے عہدے کے لیے مشترکہ امیدوار ہوں گے‘چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹونے کہاہےکہ ملک کو بحرانوں سے نکالنےکے لیے ن لیگ کا ساتھ دے رہے ہیں‘ پاکستان کو درپیش مشکلات کا حل نکالنے کے لیے اللہ تعالیٰ ہمارا ساتھ دے اور ہم کامیاب ہو جائیں‘ہم مل کر مسائل کا مقابلہ کریں گے اور ہماری پوری کوشش ہو گی کہ عوام کی امیدوں کےمطابق کارکردگی دکھا سکیں‘بلاول بھٹو نے وفاقی کابینہ میں سیاسی جماعتوں کی شمولیت سے متعلق سوال کا جواب گول کرتے ہوئے کہاکہ عوام کو وزیر اعظم سے مطلب ہے‘جہاں تک وزارتوں کی بات ہے تو اس پر وقت کے ساتھ بات ہوجائے گی‘ ابھی معاہدہ طے ہوا ہے‘ جلد تمام چیزیں عوام کے سامنے لائیں گےجبکہ صدرن لیگ شہبازشریف کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی نے کسی وزارت کا تقاضا نہیں کیا ‘ تحریک انصاف نے سنی اتحاد کونسل اور ایم ڈبلیو ایم سے اتحادکیا ہے لیکن اس کے باوجود ان کے پاس حکومت بنانےکے لیے نمبر پورے نہیں ہیں‘آزاد امیدوار اپنی اکثریت ثابت کریں اور حکومت بنائیں ، ہم دل سے قبول کریں گے‘باریاں لینے کی بات نہیں ‘پاکستان کو مشکلات سے نکالنا ہے ‘ مشاورت سے آگے بڑھیں گے ‘آصف علی زرداری نے کہاکہ ہماری جستجو صرف پاکستان اور آنے والی نسلوں کیلئےہے۔ تفصیلات کے مطابق حکومت سازی کے لیے مسلم لیگ (ن)اور پیپلز پارٹی کے درمیان معاملات طے پاگئے ہیں۔منگل کی شب زرداری ہاؤس اسلام آباد میں شہباز شریف اور آصف زرداری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے حکومت سازی کے لیے اپنے نمبر پورے کرلیے ہیں‘ وزیراعظم کے لیے شہباز شریف دونوں پارٹیوں کے متفقہ امیدوار ہوں گے جبکہ آصف زرداری صدر کے لیے مشترکہ امیدوار ہوں گے ۔ہماری دعا ہے ملک کامیاب ہو، ہماری مشکلات دور ہوں‘پاکستان کو بحران سے نکالنے اور معاشرے میں پھیلی تقسیم ختم کرنے کے لیے مسلم لیگ(ن) اور پیپلز پارٹی مل کر حکومت بنانے جا رہے ہیں۔اس موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے پاس حکومت بنانے کے نمبر پورے ہیں، ہم نئی حکومت بنانےکی پوزیشن میں ہیں، آصف زرداری کوپانچ سال کے لیے صدر مملکت منتخب کروائیں گے‘انہوں نے کہا کہ اس اتحاد نے مہنگائی کے خلاف جنگ کرنی ہے، معیشت کو دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے ۔صدر ن لیگ کا کہنا تھا کہ ہم مشاورت سے آگے بڑھیں گے‘یہ باریاں لینے کی بات نہیں، ہمیں پاکستان کو مشکلات سے نکالنا ہے، ہمارے اتحاد میں بزرگ بھی ہیں اور جوان بھی، دونوں مل جائیں تو بڑی طاقت بنتے ہیں۔اس موقع پر پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا کہ پرنس چارمنگ شہباز شریف اور دیگر دوستوں کوویلکم کرتےہیں‘ہمارا اتحاد پاکستان اور پاکستانیوں کے لیے ہے ۔اس سے قبل اسلام آباد میں دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں حکومت سازی سے متعلق امور پر گفتگو ہوئی۔ملاقات میں بلاول بھٹو، شہباز شریف، اسحاق ڈار ، مراد علی شاہ، قمر زمان کائرہ اور احسن اقبال بھی موجود تھے۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کی ملاقات میں دعائے خیر بھی کروائی گئی۔