مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر اور نامزد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب کا آج سے نیا دور شروع ہوگا، صوبے کے عوام نے ن لیگ کو واضح مینڈیٹ دیا۔
جاتی امراء لاہور میں ن لیگ پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ آپ لوگ کامیاب ہوکر پنجاب اسمبلی پہنچے اس پر مبارک باد دیتی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ میں نئے آنے والے ایم پی ایز کو دلی کی گہرائی سے خوش آمدید کہتی ہوں، اللّٰہ ہمیں پنجاب کے عوام کی خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
نامزد وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ پنجاب میں 2024ء کا الیکشن ن لیگ کےلیے بہت مشکل تھا لیکن عوام نے ہمیں واضح مینڈیٹ دیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ پنجاب کی ترقی کی بنیاد نواز شریف نے 80ء کے عشرے میں رکھی، شہباز شریف کے دور میں صوبے میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے۔
مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ دوسرے صوبوں سے آنے والے پنجاب میں بہت واضح فرق دیکھتے ہیں، جہاں کام ہوا ہے نظر آتا ہے جہاں صرف باتیں ہوئی ہیں وہ بھی نظر آتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنے اگلے سفر کی تیاری کررہے ہیں، ٹیم بن کر خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کریں گے۔
نامزد وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ انہیں پاکستان اور پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ ہونے کا اعزاز ملا ہے، وہ نئے جذبے، عزم اور خلوص سے نئے سفر کا آغاز کریں گی۔