• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی شوہر نے اہلیہ سربجیت کور کا نکاح لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا

بھارتی شہری کرنیل سنگھ نے اہلیہ سربجیت کور کے پاکستان میں نکاح کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا، رجسٹرار آفس نے درخواست پر اعتراضات عائد کردیے، جسٹس فاروق حیدر کل اعتراضات کی سماعت کریں گے۔

کرنیل سنگھ نے سابق ایم پی اے مہندر پال سنگھ کو نمائندہ مقرر کرکے درخواست دائر کی جس میں موقف اختیار کیا کہ سربجیت کور 3 نومبر 2025 کو 10 روزہ یاتری ویزے پر پاکستان آئی تھیں۔ 

درخواست گزار کے مطابق اہلیہ کو قابلِ اعتراض تصاویر کے ذریعے بلیک میل کر کے جبری طور پر مسلمان کیا گیا، ہندو میرج ایکٹ کے تحت مذہب کی تبدیلی سے پہلی شادی ختم نہیں ہوتی، سربجیت کور کا نکاح نامے میں خود کو ’طلاق یافتہ‘ ظاہر کرنا جھوٹ ہے، جبکہ طلاق کی کوئی عدالتی ڈگری موجود نہیں، لہذا عدالت سربجیت کور کا نکاح کینسل کرنے کا حکم دے اور ویزا ختم ہونے پر سربجیت کور کو فوری ڈی پورٹ کیا جائے۔ 

مدعی کا درخواست میں کہنا تھا کہ بلیک میل کر کے زبردستی نکاح کرنے پر سربجیت کور کے پاکستانی شوہر کے خلاف کارروائی کی جائے رجسٹرار آفس نے بھارتی شہری کی درخواست پر اعتراضات عائد کردیے۔

 آفس کے مطابق اسپشل پاور آف اٹارنی محکمہ خارجہ سے تصدیق شدہ نہیں ہے جبکہ درخواست گزار نے نکاح کینسل کرانے کے لیے متعلقہ فورم سے رجوع نہیں کیا۔ 

جسٹس فاروق حیدر بدھ کو بطور اعتراض درخواست پر سماعت کریں گے۔

قومی خبریں سے مزید