• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فارم 45 کے حساب سے پی ٹی آئی کو مزید 80 نشستیں ملنی چاہئیں: بیرسٹر سیف

بیرسٹر سیف—فائل فوٹو
بیرسٹر سیف—فائل فوٹو

پی ٹی آئی رہنما بیرسٹرسیف کا کہنا ہے کہ ہمیں خدشہ تھا کہ دھوکا ہو گا اور نتائج نے ہمارے خدشے کو ثابت کیا، فارم 45 کے حساب سے پی ٹی آئی کو 80 مزید نشستیں بھی ملنی چاہئیں ۔

’جیو نیوز‘ کے مارننگ شو ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارا مؤقف واضح ہے کہ پی ٹی آئی قومی اسمبلی میں اکثریتی پارٹی ہے، جو حکومت بن رہی ہے یہ عوامی مینڈیٹ کے ساتھ دھوکا ہے۔

بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ ایسی کسی بھی حکومت کا مشروط یا غیر مشروط حصہ بننا تحریکِ انصاف کی خواہش نہیں، عوام نے ہم پر اعتماد کیا ہے تو مینڈیٹ ہمیں ملنا چاہیے۔

ان کا کہنا ہے کہ یقین ہے کہ ان دھوکے بازوں کی حکومت ڈیلیور نہیں کر سکے گی، ناکام ہو گی، تحریکِ انصاف کا اصولی مؤقف ہے کہ معاشی بد حالی کی وجہ ہی ان دو جماعتوں کی پالیسیاں ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ عوام نے اعتماد کر کے ہمیں ووٹ دیا لیکن اس اعتماد کے ساتھ ہی بد دیانتی کی گئی، پوری قوم کلیئر ہے کہ پی ٹی آئی ان دو جماعتوں کے ساتھ نہیں بیٹھے گی۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ یہ جماعتیں اگر حکومت میں آ کر عوام کی بہبود کی پالیسیاں اختیار کرتی ہیں تو پی ٹی آئی انہیں سپورٹ کرے گی، اب تک ان جماعتوں کا کردار تو ایسا ہی رہا ہے کہ توقع نہیں کی جاسکتی کہ راہِ راست پر آئیں۔

پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر سیف کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہم پاکستان کا استحکام اور خوش حالی چاہتے ہیں، ہم پارلیمنٹ اور عدالتوں میں انصاف کے لیے کوشش جاری رکھیں گے۔

قومی خبریں سے مزید