• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الیکشن اربوں روپے میں نیلام ہوئے، ڈاکٹر قادر مگسی

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ)سندھ ترقی پسندپارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قاد رمگسی نے کہا ہے کہ الیکشن اربوں روپے میں نیلام ہوا ہے‘ اگر یہی ناپسندیدہ لوگوں کو انتخابات میں جتوانا تھا تو پھر اربوں روپے قوم کے کیوں ضائع کئے‘ پیپلزپارٹی نے سندھ کی سیاست کی تجربہ گاہ عوام کو بنادیا۔جمہوری لوگ ہیں، حقیقی جمہوریت کے لیے جدوجہد کریں گے۔ وہ حیدرآباد کے علاقے قاسم آباد میں سندھ ترقی پسندپارٹی کے 32ویں یوم مادر وطن کے جلسے سے خطاب کررہے تھے۔ ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا کہ ہم جمہوری لوگ ہیں، حقیقی جمہوریت کے لیے جدوجہد کریں گے، ہم عوامی اعتماد اور ووٹ سے جڑی حقیقی پارلیمنٹ کے حامی ہیں‘ آئین کی بالادستی چاہتے ہیں‘ سندھ کے غریب اور نادار عوام کے نمائندے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ جانتی ہے کہ وہ معاشرے کے کچھ لوگوں کا انتخاب کریں گے اور جووہ کہیں گے ویسا ہی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اس ملک میں انتخابات عوام کے انتخابات نہیں ہیں، لیکن ہم میدان سے نہیں بھاگیں گے، ہم تاریخ کے کسی حصے سے فرار نہیں چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن اربوں روپے میں نیلام ہوئے‘ میں الیکشن کے نتائج کو مسترد کرتا ہوں‘ میں کسی مارشل لا اور ایمرجنسی کا مطالبہ نہیں کرتا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ عام انتخابات متنازع ہیں، پولیس اور رینجرز کے سامنے اسمبلی میں حلف اٹھانا بہتر ہے۔ سندھ ترقی پسندپارٹی کے سینئر وائس چیئرمین عبدالفتاح سمجھو نے کہا کہ ایس ٹی پی نہیں چاہتی کہ چور دروازے سے اسمبلیوں میں آئیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اسمبلیوں میں جا کر سندھ کا مقدمہ لڑنا چاہتے ہیں‘ ان کی محبت پیسے سے ہے لیکن ہماری محبت سندھ سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائدین کی درخواست پر آج بھی ایم کیو ایم کو سیٹیں دی گئی ہیں۔سندھ ترقی پسندپارٹی کے مرکزی رہنما گلزار سومرو نے کہا کہ ہم سندھ کے حامی ہیں اس لیے پاکستان کی سلامتی چاہتے ہیں، ہم جمہوریت پسند ہیں، جمہوریت کی کسی صورت مخالفت نہیں کر سکتے، جمہوریت کے نام پر زرداری لیگ جیسی جماعت کی جا رہی ہے۔ ایس ٹی پی کے وائس چیئرمین حیدر شاہانی نے کہا کہ مادر وطن کا پیغام ہے کہ ہم سندھ کے وسائل، زمینوں اور شہروں کی حفاظت کریں گے۔ اس موقع پر عشران سومری، ڈاکٹر احمد نوناری، روشن سندر چندی، نثار کیری، پروگریسو وومن موومنٹ کی صدر حکیم زادی تھیبو اور دیگر نے خطاب کیا۔
ملک بھر سے سے مزید