لاہور کے گلشن اقبال پارک میں جھولے سے ٹکرا کر 1 سال کی بچی جاں بحق ہوگئی، نومنتخب وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ڈی سی سے رپورٹ طلب کرلی۔
نومنتخب وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جاں بحق کم سن بچی کے والدین سے اظہار تعزیت کیا اور گہرے دکھ و غم کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے ڈی سی کو ہدایت جاری کرتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کرنے اور رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
ادھر پولیس کا کہنا ہے کہ گلشن اقبال پارک میں بچی کے جاں بحق ہونے کا واقعہ اتوار کو پیش آیا تھا۔
پولس کے مطابق گلشن اقبال تھانے میں واقعہ کا مقدمہ بچی کے رشتہ دار کی مدعیت میں ٹھیکیدار جمشید کے خلاف درج کر لیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق جھولا لگنے سے 1 سال کی میرب اور ماں زخمی ہوئیں، زخمیوں کو مقامی اسپتال پہنچایا گیا جہاں بچی میرب دم توڑگئی۔
پولیس نے بتایا کہ مقدمے میں نامزد ٹھیکیدار جمشید کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔