• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آزاد امیدوار غیر مشروط ن لیگ میں شامل ہوئے، شہباز شریف

فوٹو: اسکرین گریب
فوٹو: اسکرین گریب

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور پارٹی کے نامزد وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آزاد امیدوار غیر مشروط طور پر ن لیگ میں شامل ہوئے ہیں۔

اسلام آباد میں ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ اسلام آباد سے راجہ خرم نواز نے ن لیگ میں شمولیت اختیار کی ہے، بیرسٹر عقیل ملک آزاد حیثیت سے لڑے اور ن لیگ میں شامل ہوئے۔

انکا کہنا تھا کہ آزاد امیدوار غیر مشروط طور پر ن لیگ میں شامل ہوئے ہیں، ہماری قومی اسمبلی میں عددی قوت 104 ہوگئی ہے۔

ن لیگی صدر نے کہا کہ الیکشن میں جیتنے والوں کو مبارکباد دیتا ہوں، وسیم قادر ن لیگ میں شامل ہوئے۔

شہباز شریف نے کہا کہ 2017 میں نواز شریف نے شبانہ روز محنت سے بجلی کے اندھیر ختم کیے۔ 2017 میں نواز شریف نے بتادیا تھا 20 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ختم ہوگئی ہے۔

انکا کہنا تھا کہ نواز شریف نے چاروں صوبوں کو موٹرویز سے منسلک کیا۔ آج اسلام آباد سے ڈیرہ اسماعیل کا سفر آسان ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے کراچی میں امن و مان قائم کیا، کراچی میں نواز شریف نے پانی کے منصوبے دیے۔ نواز شریف نے کراچی کا امن واپس کیا، لوگ جھولیاں اٹھا کر دعا دیتے ہیں۔

ن لیگی صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان بھر میں عوامی منصوبوں کی تختیاں گنی جائیں تو ایک ماہ لگ جائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف موٹرویز کے بانی ہیں، انہوں نے شمالی علاقوں میں بھی موٹروے کے جال پچھائے، نواز شریف ملک میں سی پیک کے منصوبے لیکر آئے۔

انکا کہنا تھا کہ دیامر بھاشا ڈیم کے سلسلے میں زمین خریدنے کےلیے فنڈز نوازشریف نے جاری کیے۔ نواز شریف نے کراچی کو پینے کے پانی کےلیے کے تھری اور کے فور منصوبے دیے۔ 

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے صبر کے ساتھ مشکلات کا مقابلہ کیا۔ بھٹو سولی پر چڑھ گئے کسی نے جی ایچ کیو کی طرف رخ نہیں کیا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ زندگی اور موت اللّٰہ کے ہاتھ میں ہے، صحت اور تندرستی اللّٰہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے۔ جب نواز شریف بیمار ہوئے کس طرح انکے بارے میں کہا گیا۔ 

قومی خبریں سے مزید