• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی نے شہباز شریف کا راستہ روکنے کی کوشش نہیں کی، بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نےکہا ہے کہ سنی اتحاد کونسل کے پاس حکومت بنانے کے نمبرز نہیں، پی ٹی آئی نے شہباز شریف کا راستہ روکنے کی کوشش نہیں کی۔ پی ٹی آئی نے اعلان کر دیا کہ وہ پیپلز پارٹی کے پاس نہیں آئیں گے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کو لکھے جانے والے خط کی کوئی اہمیت نہیں، خط لکھنے سے پی ٹی آئی کی اصلیت عوام کے سامنے آرہی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل کو بھی اپنے کارکنوں سے سچ کہنا چاہیے کہ ان کے پاس حکومت بنانے کے نمبرز نہیں، شہباز شریف وزیراعظم بنیں گے وہ پی ٹی آئی کا بھی شکریہ ادا کریں گے۔

 انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے کوشش ہی نہیں کہ وزیراعظم کے لیے شہباز شریف کا راستہ روکیں اور پیپلز پارٹی سے بات کریں، بانی پی ٹی آئی نے ہی فیصلہ کیا ہوگا کہ شہباز شریف کا مقابلہ نہیں کریں گے، جو جماعت ہمارے پاس ووٹ مانگنے آئی ہم اس کو ووٹ دے رہے ہیں، پیپلز پارٹی نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کی سیاست نہیں کہ کسی کے پرچم کو ہٹائیں، ہم 3 نسلوں سے سیاست کر رہے ہیں یہ ہماری سیاست نہیں، اگر تصور کریں کہ ہمارا کارکن ایسا کر رہا تھا تو گولی چلانا جائز ہے؟

پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ الیکشن کے دوران ہمارے کارکن شہید ہوئے، 12 سال کا عبدالرحمان پیپلزپارٹی کا سپورٹرتھا اس کو شہید کیا گیا، عبدالرحمان کے لواحقین کے خلاف ایف آئی آر کی گئی، شہید کارکنوں کے لیے پیپلز پارٹی انصاف مانگ رہی ہے، ہمیں امید ہے عدالتوں سے انصاف ملے گا۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ الیکشن کے دوران تشدد، فائرنگ کے واقعات کی تحقیقات ہوگی، جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تحقیقات کرے گی اور ملزمان کو سزائیں دی جائیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ مذہبی دہشت گردی، لسانی دہشت گردی، فرقہ ورانہ دہشت گردی کو شہر اور صوبے میں برداشت نہیں کریں گے، جھوٹے الزامات لگانے اور سیاسی ڈرامے کروانے والے ہمیں بلیک میل نہیں کر سکتے۔

قومی خبریں سے مزید