حکمران اتحاد نے اسپیکر قومی اسمبلی کےلیے ن لیگ کے سردار ایاز صادق اور ڈپٹی اسپیکر کےلیے پیپلز پارٹی کے غلام مصطفیٰ شاہ کو نامزد کردیا۔
ن لیگ کے صدر شہباز شریف نے ایاز صادق کو مسلم لیگ ن کی جانب سے اسپیکر قومی اسمبلی نامزد کردیا۔
پیپلز پارٹی کی جانب سے غلام مصطفیٰ شاہ امیدوار برائے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نامزد کیا گیا ہے۔
شہباز شریف کی طرف سے اتحادی جماعتوں کی قیادت اور نو منتخب ارکانِ قومی اسمبلی کے اعزاز میں عشائیے میں بلاول بھٹو زرداری نے چارٹر برائے معیشت اور انتخابی و عدالتی اصلاحات پر عمل درآمد کی تجاویز پیش کیں۔
اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) کے احسن اقبال، پیپلز پارٹی کے نوید قمر، استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان، بی اے پی کے خالد مگسی نے میڈیا سے بات چیت کی۔
احسن اقبال نے کہا کہ وزیراعظم کے لیے شہباز شریف اور صدر مملکت کےلیے آصف زرداری کے نام پر اتفاق کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا چناؤ بھی اتفاق رائے سے کیا جائے گا، نامزد وزیراعظم شہباز شریف نے اتحادیوں کو عشائیہ دیا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق آصف زرداری، بلاول بھٹو زرداری، کنوینر ایم کیو ایم خالد مقبول صدیقی کی وفد کے ہمراہ، بلوچستان عوامی پارٹی کی طرف سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے عشائیہ میں شرکت کی۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ بی اے پی کے سربراہ ڈاکٹر خالد مگسی، مسلم لیگ (ق) کے سینئر رہنما چوہدری سالک حسین، صدر آئی پی پی عبد العلیم خان نے پارٹی رہنماؤں کے وفد کے ہمراہ عشائیہ میں شرکت کی۔
شہباز شریف کی نو منتخب ارکان قومی اسمبلی کو مبارکباد دی، جبکہ نو منتخب ارکان قومی اسمبلی نے شہباز شریف کو وزیراعظم نامزدگی پر مبارک دی۔
ارکان اسمبلی نے آصف زرداری کو صدر کےمنصب کےلیے نامزدگی پر مبارکباد دی۔