• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بانی پی ٹی آئی کا آئی ایم ایف کو خط، نواز اور شہباز نے ملک دشمنی قرار دیدیا


مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور شہباز شریف نے بانی پی ٹی آئی کی جانب سے آئی ایم ایف کو لکھے گئے خط کو ملک دشمنی قرار دے دیا۔

پارلیمنٹ ہاؤس آمد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ آئی ایم ایف کو خط لکھنا ملک دشمنی کے مترادف ہے، ایسے خط وہی لکھ سکتے ہیں یہ ان کا وتیرہ ہے۔

نواز شریف کا کہنا ہے کہ کوئی سیاسی جماعت ایسے خط نہیں لکھ سکتی، اس خط سے آپ خود ہی نتیجہ اخذ کر لیں۔

اس حوالے سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف کو لکھا ہے کہ پاکستان کے ساتھ نیا پروگرام نہ کیا جائے۔

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کا خط، سائفر کے بعد ایک اور ملک دشمنی کا ثبوت ہے، کسی کو کوئی شک نہیں رہنا چاہیے کہ یہ چاہتے ہیں پاکستان مکمل طور پر تباہ ہو جائے۔

انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں یہ ایک انتہائی افسوسناک اقدام ہے، بانی پی ٹی آئی کے اس اقدام کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، کوئی پاکستانی کیسے بھی سیاسی اختلافات ہوں ملک کے لیے بددعا نہیں کرتا۔

’’کیا آئی ایف ایم کو خط لکھ کر ملک میں بحران پیدا کرنا ہے؟‘‘

مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ نے کہا کہ مخالفین نے آئی ایم ایف کو خط لکھ دیا ہے، خط میں کاش لکھ دیتے کہ میں قیدی ہوں اور کرپشن کیسز میں اندر ہوں، پہلے امریکی سازش اور اب امریکا سے مدد، کیا آئی ایف ایم کو خط لکھ کر ملک میں بحران پیدا کرنا ہے؟ یہ اقدام ملک کے خلاف اور ذاتی انا کی تسکین ہے۔

قومی خبریں سے مزید