ڈیفنس کراچی کے تھانہ گذری کی حدود اتحاد کمرشل لین مین، میں بوتیک شاپ میں چوری کی واردات میں ملوث ملزمان کا سراغ لگانے کیلئے ڈپٹی انسپیکٹر جنرل پولیس ساؤتھ اسد رضا نے ایس ایس پی ساؤتھ انویسٹی گیشن کی سربراہی میں تفتیشی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔
اس سلسلے میں جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ایس ایس پی انوسٹی گیشن ساؤتھ کی سربراہی میں ایس پی کلفٹن، ایس ایچ او میٹھادر وقار تنولی، ایس ایچ او گزری سب انسپکٹر تنویر مراد، ایس آئی او گزری عدنان اور دیگر ٹیم میں شامل ہیں۔
تحقیقاتی ٹیم واردات میں ملوث ملزمان کا سراغ لگا کر 7 دن میں رپورٹ پیش کرے گی۔
واضح رہے کہ کراچی ساؤتھ کے گزری تھانے کی حدود ڈیفنس فیز 6 میں خیابان اتحاد کی کمرشل لین 2 میں گزشتہ روز ایک بوتیک میں واردات کے دوران نامعلوم چور ایک کروڑ 45 لاکھ روپے مالیت کے مختلف برانڈ کے 98 پارٹی ویئر اور نارمل ملبوسات چوری کرکے لے گئے تھے۔
ملزمان سیاہ رنگ کی کرولا کار میں سوار تھے جو بوتیک کے تالے توڑ کر ٹیبلٹ، لیپ ٹاپ، موبائل فونز اور دیگر سامان بھی لوٹ کر لے گئے تھے۔