بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی سائفر کیس میں سزا کے خلاف اپیل پر سماعت 5 مارچ تک ملتوی کردی گئی۔
سائفر کیس میں بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی سزا معطلی کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی۔
سماعت کے دوران اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے کہا کہ دو اسپیشل پراسیکیوٹرز کی تعیناتی ہونی ہے، وزارت قانون کو تعیناتی کےلیے لکھا ہے۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ اسپیشل پراسیکیوٹر تعینات ہوں یا نہ ہوں ہم اپیلوں کو سنیں گے۔
عمران خان کے وکیل نے دلائل میں کہا کہ وکلا کو نکال کر گواہوں پر آدھی رات کو جرح مکمل کی گئی۔
انکا کہنا تھا کہ جج صاحب اور پراسیکیوشن نے آپس میں میچ کھیلا تھا، تین کیسز میں سزائیں ہوئیں۔ ٹرائل میں غیرمعمولی تیزی نظر آئی۔
بانی پی ٹی آئی کی سائفر کیس میں سزا کے خلاف اپیل پر مزید سماعت 5 مارچ تک ملتوی کردی گئی۔
توشہ خانہ کیس میں سزا کے خلاف اپیلیں بھی 5 مارچ تک ملتوی کردی گئی ہیں۔