اسلام آباد (نمائندہ جنگ )وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اقتصادی امور ڈویژن کوبیرونی امداد سے چلنے والے منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے باقاعدگی سے مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ ان منصوبوںمیں کوئی تاخیر نہ ہو، وزیرخزانہ بیرونی امداد سے چلنے منصوبوں کی موجودہ صورتحال سے متعلق اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ، اقتصادی امور ڈویژن کے وفاقی سیکرٹری طارق باجوہ نے دوطرفہ اور ملٹی لیٹرل ترقیاتی شرکت داروں کے فنڈز سے چلنے والے مختلف منصوبوں کے بارے میں اجلاس کو بریفنگ دی ، اجلاس کو بتایا گیا کہ بیرونی امداد کے منصوبوں پر کام پوری رفتار سے جاری ہے اور بروقت مکمل کر لیے جائیں گے ، وزیر خزانہ کو مختلف ممالک کے ساتھ آئندہ کے مشترکہ وزارتی اجلاسوں کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی ، وزیر خزانہ نے آئندہ ہونیوالی مشترکہ وزارتی اجلاسوں سے قبل تمام متعلقہ اداروں سے تفصیلی مشاورت کی بھی ہدایت کی تاکہ ان اجلاسوں سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھایا جاسکے ۔