سکھر(بیورورپورٹ )بالائی علاقوں میں بارشوں سے آنے والا سیلابی ریلہ 9جولائی کو سکھر بیراج میں داخل ہوگا، ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے سندھ بھر میں تمام آبپاشی اہلکاروں کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے، عید کی چھٹیوں میں بھی افسران اپنے ہیڈ کواٹرنہیں چھوڑیں گے تاکہ کسی بھی ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹا جا سکے، سیلابی ریلہ 8جولائی کو گدو بیراج میں داخل ہونے کے بعد 9اور10جولائی کی درمیانی شب سکھر بیراج میں داخل ہوگا جس کے بعد گدو اور سکھر بیراج دونوں مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب ہوگا، اس وقت چشمہ بیراج سے تین لاکھ کیوسک سے زائد پانی گزر رہا ہے جو آئندہ چند روز میں گدو اور سکھر بیراج کے مقام پر پہنچ جائے گا، انچارج کنٹرول ورم سکھر بیراج عبدالعزیز سومرو نے رابطہ کرنے پر ”جنگ“ کو بتایا کہ چترال میں تباہی مچانے کے بعد بالائی علاقوں سے پانی تیزی سے بیراجوں کی جانب بڑھ رہا ہے ، اس وقت چشمہ بیراج سے تین لاکھ کیوسک سے زائد پانی کا ریلہ سکھر اور گدو بیراج کی جانب آرہا ہے، 8جولائی کو یہ ریلہ گدو بیراج میں د اخل ہوگا جس کے بعد گدو بیراج پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال پیدا ہوجائے گی، جبکہ 9اور10جولائی کی درمیانی شب سیلابی ریلہ سکھر بیراج میں داخل ہو گا جس کے بعد سکھر بیراج پر بھی نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہوگی ممکنہ سیلابی صورتحال کے خطرے کے پیش نظر سندھ بھر میں خاص طور پر گدو اور سکھر بیراج مقام پر محکمہ آبپاشی کے افسران اور اہلکاروں کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے، سیکریٹری آبپاشی ظہیر حیدر شاہ نے سکھر اور گدو بیراج کے تمام افسران کو ہدایات دی ہیں کہ وہ کسی بھی ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہیڈکواٹرز کو نہ چھوڑیں اور عید کی چھٹیوں کے دوران بھی ہیڈ کواٹر میں اپنی موجودگی کو یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی ممکنہ سیلابی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔ عبدالعزیز سومرو کے مطابق رواں سال میں گدو اور سکھر بیراج کے مقام پر داخل ہونے والا یہ پہلا سیلابی ریلہ ہے ۔ ریلے کی آمد سے قبل ہی ہرممکن اقدامات کئے گئے ہیں تاکہ سیلابی ریلے سے کسی بھی علاقے میں کوئی نقصان نہ ہو۔ انہوں نے بتایا کہ گدو بیراج پر اس وقت پانی کی بالائی سطح ایک لاکھ 91ہزار کیوسک اور اخراج ایک لاکھ 57 ہزار کیوسک ہے جبکہ سکھر بیراج پر پانی کی بالائی سطح ایک لاکھ 31ہزار کیوسک اور یہاں سے کوٹری بیراج کے لئے 76ہزار کیوسک پانی چھوڑا جارہا ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سکھر ب یراج سے نکلنے والی تمام نہروں کو ان کی ضرورت کے مطابق مکمل پانی فراہم کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سکھر بیراج اور اس سے نکلنے والی تمام نہروں ، دریائی پشتوں اور دریائی بندوں کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے محکمہ آبپاشی سکھر اور گدو بیراج کے افسران اور اہلکاروں کو مختلف مقامات پر تعینات کیا گیا ہے اور انہیں ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ مکمل طور پر چوکس رہیں اور دن رات دریائی پشتوں، بندوں کی سخت نگرانی کریں اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔