لاہور ہائی کورٹ میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو عہدے سے ہٹانے کے لیے درخواست دائر کر دی گئی۔
درخواست شہری مشکور حسین نے لاہور ہائی کورٹ میں دائر کی ہے۔
درخواست میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست گزار نے مؤقف اپنایا ہے کہ صادق سنجرانی نے بلوچستان کی صوبائی اسمبلی کی نشست پر الیکشن لڑا، انہوں نے الیکشن جیتا، الیکشن کمیشن نے ان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیارکیا ہے کہ صادق سنجرانی بیک وقت دو سیٹیں نہیں رکھ سکتے، وہ غیر قانونی طور پر بطور چیئرمین سینیٹ کام کر رہے ہیں۔
درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ الیکشن کمیشن صادق سنجرانی کی بطور سینیٹر نشست خالی قرار دینے کا حکم دے۔
درخواست گزار نے یہ استدعا بھی کی ہے کہ لاہور ہائی کورٹ صادق سنجرانی کو بطور چیئرمین سینیٹ کام کرنے سے روکے۔