کراچی میں رات میں موسم خنک ہے، کوئٹہ میں سرد ہواؤں کے باعث موسم سرد ہے جبکہ گوادر میں پھر بارش کا امکان ہے۔
کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم خشک اور رات میں خنک رہنے کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق شہرِ قائد میں کم سے کم درجۂ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں میں کم سے کم درجۂ حرارت 15 سے 17 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
کراچی میں شمال مشرق کی سمت سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 4 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے جن میں نمی کا تناسب 76 فیصد ہے۔
ادھر وادیٔ کوئٹہ اور گرد و نواح میں تقریباً 2 ہفتے بارش اور بادل رہنے کے بعد آج مطلع صاف ہو گیا، سرد ہوائیں چلنے کے بعد موسم سرد ہو گیا ہے، صوبے کے شمالی اضلاع میں موسم شدید سرد ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق کوئٹہ اور گرد و نواح میں بارش کا سلسلہ تھمنے کے بعد آج مطلع صاف ہو گیا ہے، دھوپ چمک رہی ہے تاہم وادی میں پہاڑ کی چوٹیوں پر برف موجود ہے اور سرد ہوائیں چلنے کے بعد موسم سرد ہے۔
کوئٹہ میں صبح کم سے کم درجۂ حرارت منفی 1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، سرد موسم میں شہر کے بیشتر علاقوں میں گیس پریشر کا مسئلہ برقرار ہے، ایسے میں صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے۔
قلات اور زیار ت سمیت صوبے کے شمالی اضلاع میں موسم شدید سرد ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ژوب میں 10، کوئٹہ اور دالبندین میں 6،6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی اضلاع میں شدید سرد رہے گا تاہم اس دوران گوادر اور کیچ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔