• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کو قرضوں کی دلدل سے نکالنا ہے: وزیرِ اعظم شہباز شریف

وزیرِاعظم شہباز شریف—فائل فوٹو
وزیرِاعظم شہباز شریف—فائل فوٹو

وزیرِاعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کے بارش و برف باری متاثرین کے ساتھ حکومتِ آزاد کشمیر اور حکومتِ پاکستان کھڑی ہیں، ہمیں پاکستان کو قرضوں کی دلدل سے نکالنا ہے۔

وزیرِاعظم محمد شہباز شریف ایک روزہ دورے پر آزاد جموں و کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد پہنچ گئے۔

وزیرِاعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کا استقبال کیا۔

وزیرِاعظم شہباز شریف آج بارشوں اور برف باری سےمتاثرہ علاقوں کے لوگوں میں امدادی چیک تقسیم کریں گے۔

آزاد جموں کشمیر میں بارش اور برف باری سے متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ میں آپ سے یہاں اظہارِ تعزیت اور افسوس کرنے آیا ہوں۔

ان کا کہنا ہے کہ جب تک آپ کے گھر دوبارہ بحال نہیں ہو جاتے ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے، حکومت بغیر کسی تاخیر کے آپ کی مدد کرے گی، جو جاں بحق ہوئے ان کے لواحقین کو 20 لاکھ روپے، زخمیوں کو 5 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ جو مکانات مکمل طور پر تباہ ہوئے ان کے مالکان کو 7 لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا، جو مکانات جزوی تباہ ہوئے ہیں ان کے مالکان کو ساڑھے 3 لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وفاق کے ساتھ آزاد کشمیر حکومت بھی اپنا حصہ ڈالنا چاہے تو ڈال سکتی ہے، 13 مارچ کو تمام رقوم سروے کے بعد آپ تک بھجوا دی جائے گی، وزیرِ اعظم آزاد کشمیر کا جائز مطالبہ ہے کہ ریسکیو کے لیے ہیلی کاپٹر دیا جائے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ این ڈی ایم اے کو ہدایت کر رہا ہوں کہ جہاں ہیلی کاپٹر کی ضرورت ہو استعمال کریں، جہاں وزیرِ اعظم آزاد کشمیر کہیں وہاں ہیلی کاپٹر کا استعمال کیا جائے۔

ان کا کہنا ہے کہ جموں کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، ہمارے بھائی بہن مشکل کی اس گھڑی میں اپنے آپ کو اکیلے نہیں پائیں گے، اس وقت 2 کروڑ سے زائد بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔

وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا کہ ٹیکس چور مافیا پاکستان کو نقصان پہنچا رہی ہے، وقت آ گیا کہ ہم ان کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں، اس کا فائدہ عام آدمی کو ہو گا، آج پاکستان کے لیے سب سے بڑا چیلنج یہی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم نے دن رات محنت کرنی ہے، ذاتیات سے ہٹ کر پسند نا پسند کو دفن کرنا ہے، پاکستان کی خاطر مل بیٹھ کر کام کرنا ہو گا، معاشی صورتِ حال کا ہر روز جائزہ لیا، صرف پی آئی اے کا ہر سال نقصان ساڑھے 8 ارب روپے ہے۔

قومی خبریں سے مزید