• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محسن نقوی کو وزیرداخلہ بنایا تو ہم سے مفاہمت بھول جائیں، اسد قیصر


پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ اگر حکومت محسن نقوی کو وزیر داخلہ بناتی ہے تو پی ٹی آئی سے مفاہمت بھول جائیں۔

جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کے دوران اسد قیصر نے کہا کہ ابھی الیکٹورل کالج مکمل نہیں ہے، پہلے دوسرے قسم کی چوری ہوتی تھی اب ووٹ چور بھی آگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی کسی سے کوئی بیک ڈور بات چیت نہیں چل رہی، اگر اداروں نے ہماری تسلی نہیں کروائی تو بھرپور احتجاج کریں گے۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ ہمیں مجبور کیا جارہا ہے کہ قانونی آپشن چھوڑ کر سڑکوں پر آئیں، اگر مینڈیٹ کو تسلیم نہیں کیا گیا تو سڑکوں پر آئیں گے۔

اسد قیصر نے یہ بھی کہا کہ اگر ہماری بات نہیں سنی جاتی تو بھرپور طریقے سے سڑکوں پر آئیں گے اور اپنے حق کےلیے لڑیں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ عوام کے ووٹ کو تسلیم کیا جائے ووٹ کو عزت دی جائے، ہم سب سے پہلے قانونی جدوجہد کریں گے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ابھی قانونی جنگ لڑرہے ہیں اور تھوڑا احتجاج کررہے ہیں، سپریم کورٹ جوڈیشل کمیشن بنائے، ہم سمجھتے ہیں کہ ملک میں استحکام ہو تاکہ معیشت بہتر ہو۔

قومی خبریں سے مزید