اسلام آباد ایئر پورٹ پر تعینات راولپنڈی ٹریفک پولیس کے وارڈن مسافروں کے لیے پریشانی کا سبب بن گئے۔
اس حوالے سے ایئر پورٹ منیجر سید آفتاب گیلانی نے چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی کو ایک خط لکھا ہے۔
اہلکاروں کے ایئر پورٹ کے داخلی و خارجی دروازوں پر تعیناتی پر سی اے اے کو تحفظات ہیں۔
ایئر پورٹ منیجر نے خط میں لکھا کہ اسلام آباد ایئر پورٹ سے ملکی اور غیر ملکی مسافر سفر کرتے ہیں، ٹریفک پولیس اہلکار داخلی و خارجی دروازوں پر گاڑیوں کو روک لیتے ہیں۔
اُنہوں نے لکھا کہ راولپنڈی ٹریفک پولیس کے اہلکاروں کو ایئر پورٹ پر مسافروں کے ساتھ الجھتے بھی دیکھا گیا ہے جو کہ انٹرنیشنل ایئر پورٹ اور ملک کے تشخص کے خلاف ہے۔
سید آفتاب گیلانی نے مزید لکھا ہے کہ ایئر پورٹ کے داخلی و خارجی دروازوں پر گاڑیاں روکنے سے اکثر اوقات رش لگ جاتا ہے، متعدد مسافروں نے ایئر پورٹ سے نکلتے ہی راولپنڈی ٹریفک پولیس کے اہلکاروں کے خلاف گاڑیاں روک کر تنگ کرنے کی شکایات کیں۔
اُنہوں نے خط میں مطالبہ کیا کہ راولپنڈی ٹریفک پولیس کے اہلکاروں کو ایئرپورٹ کے داخلی و خارجی دروازوں سے دور تعینات کیا جائے۔