پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ماہرہ خان کی شادی کے 5 ماہ بعد اُن کے ولیمے کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔
ماہرہ خان گزشتہ سال اکتوبر میں اپنے قریبی دوست سلیم کریم کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئی تھیں، اداکارہ کی شادی کی مختلف تقاریب کی تصاویر اور ویڈیوز نے پاکستان اور بھارتی میڈیا کی خصوصی توجہ حاصل کی تھی۔
اداکارہ نے ولیمے کے علاوہ اپنی شادی کی تمام تقاریب کی تصاویر اور ویڈیوز اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی تھیں۔
تاہم اب شادی کے تقریباََ 5 ماہ بعد ماہرہ خان کے ولیمے کی تصاویر بھی منظرِ عام پر آ گئی ہیں۔
اداکارہ کے ولیمے کی تصاویر فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ’فاطمہ طارق‘ نامی ایک فوٹو گرافر کے پیج کی جانب سے شیئر کی گئی ہیں۔
اس پیج پر ماہرہ خان کی کچھ تصاویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا گیا ہے کہ ’یہ تصاویر ماہرہ خان کے ولیمے کی ہیں‘۔
اداکارہ کے ولیمے کی تقریب کے انعقاد کے حوالے سے فی الحال کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئیں کہ یہ تقریب کب اور کہاں منعقد ہوئی۔
یاد رہے کہ ماہرہ خان کی پہلی شادی 2007ء میں علی عسکری کے ساتھ ہوئی تھی جن سے ان کا ایک بیٹا اذلان ہے پھر یہ شادی 8 سال بعد 2015ء میں ختم ہو گئی تھی۔