وزیراعظم شہباز شریف کی وفاقی کابینہ کیلئے وزارتوں کا اعلان کردیا گیا۔
نئی وفاقی کابینہ میں شامل وزراء کو قلمدان سونپ دیے گئے، خواجہ محمد آصف کو دفاع کے ساتھ دفاعی پیداوار اور ایوی ایشن کے محکموں کا قلمدان بھی دیا گیا ہے۔
شہباز شریف کی کابینہ میں محمد اورنگزیب کو خزانہ کے ساتھ ریونیو کا اضافی چارج بھی دیا گیا ہے جبکہ سینیٹر مصدق ملک وزیر پیٹرولیم ہوں گے اور وزارت پاور کا اضافی چارج بھی اُن کے پاس ہوگا۔
وفاقی کابینہ میں شامل ن لیگی سینیٹر اسحاق ڈار کو وزیر خارجہ، احسن اقبال کو وزیر منصوبہ بندی اور ترقی، ریاض پیرزادہ کو وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس دے دی گئی۔
قیصر احمد شیخ کو وزارت میری ٹائم افیئرز، عبدالعلیم خان کو وزیر نجکاری اور سرمایہ کاری بورڈ جبکہ جام کمال خان کو وزیر تجارت مقرر کیا گیا ہے۔
اویس احمد خان لغاری کو وزیر ریلوے، عطا تارڑ کو وزیر اطلاعات و نشریات، رانا تنویر حسین کو وزیر صنعت و پیداوار، احد چیمہ کو اقتصادی امور اور اسٹیبشلمنٹ، محسن نقوی کو وزیر داخلہ اور انسداد منشیات کا قلمدان دیا گیا ہے۔
اعظم نذیر تارڑ وزیر قانون کا قلمدان دیا گیا ہے جبکہ وزارت انسانی حقوق کا اضافی چارج بھی ان کے پاس ہوگا۔
کابینہ میں سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کو قانون و انصاف کے ساتھ مذہبی امور کا محکمہ بھی دیا گیا ہے۔
امیر مقام وزیر سیفران مقرر کیے گئے ہیں، ان کے پاس وزارت قومی ورثہ و ثقافت کا اضافی چارج بھی ہوگا۔
ایم کیو ایم سربراہ خالد مقبول صدیق وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی مقرر کیے گئے ہیں جبکہ وفاقی وزارت تعلیم و پروفیشنل ٹریننگ کا اضافی چارج بھی خالد مقبول صدیقی کے حوالے کیا گیا ہے۔
چوہدری سالک حسین وزیر سمندر پار پاکستانیز، ہیومن ریسورس مقرر کیے گئے۔