ماضی میں منی لانڈرنگ کیس کے باعث تنازعات کا شکار رہنے والی پاکستانی ماڈل ایان علی نے آصف علی زرداری کو دوسری بار صدر مملکت منتخب ہونے پر مبارک پیش کردی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ماڈل نے ماضی میں جیو نیوز کے مارننگ شو ’جیو شان سے‘ میں دیئے گئے ایک انٹرویو کا کلپ شیئر کیا۔
انہوں نے انٹرویو کلپ شیئر کرتے ہوئے دوسری بار پاکستان کے صدر کی حیثیت سے حلف اٹھانے والے پی پی پی کے شریک چیئرمین کو ’گڈ مارننگ‘ کہہ کر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ایان علی کی جانب سے شیئر کردہ اس ویڈیو کلپ میں انہیں جیو نیوز کے ماضی کے مارننگ شو میں بطور مہمان شریک دیکھا جاسکتا ہے جس کی میزبانی اداکار شان کر رہے ہیں۔
مذکورہ پروگرام میں ریپڈ فائر راؤنڈ کے دوران میزبان آصف علی زرداری کا نام لیتے ہیں اور ماڈل کے ان کے بارے میں خیالات جاننا چاہتے ہیں۔
میزبان کے سوال کے جواب میں انہوں نے انتہائی احترام سے صدر زرداری کا نام لیتے ہوئے کہا کہ وہ مملکت کے سربراہ ہیں اور ہمارے صدر ہیں، ہم سب کو ان سے بے انتہا پیار ہے۔
اس پوسٹ کے کیپشن میں انہوں نے اپنی بات کو ایک بار پھر دہراتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری ایک بار پھر صدرِ مملکت بن گئے ہیں اور ہمیں ان سے بے حد پیار ہے۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ مارننگ مسٹر صدرِ پاکستان، نئی شروعات کرنے پر گڈ لک، اور بالکل کیسے بھول سکتے ہیں، قابل احترام آصف علی زرداری ایک بار پھر سربراہِ مملکت بن گئے ہیں اور ہم سب ان سے بہت پیار کرتے ہیں، سو فیصد ہم کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ ماڈل ایان علی کو 14 مارچ 2015 کو اسلام آباد کے بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 50 لاکھ ڈالر سے زائد یو اے ای اسمگل کرتے ہوئے حراست میں لیا گیا تھا۔
اس کیس کے سلسلے میں ماڈل 4 ماہ تک جیل کی سلاخوں کے پیچھے رہیں، ان پر منی لانڈرنگ میں ملوث ہونے کا الزام تھا۔
منی لانڈرنگ کیس میں 2 سال تک ایان علی عدالت میں پیش ہوتی رہیں تاہم2017 میں ملک کی اعلیٰ ترین عدالت نے ایان علی کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکال کر بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی۔
دبئی جانے کے بعد سے وہ عدالت کی سماعتوں میں غیر حاضر رہیں، جس ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی عدالت نے انہیں کرنسی اسمگلنگ کیس میں اشتہاری مجرم قرار دیا تھا بعدازاں 2020 میں انہوں نے منی لانڈرنگ کیس جیتا لیا۔